ہندوستانی پولیس نے مشرقی علاقوں اوڈیسا اور اندھرا پردیش کی سرحد پر 21 ماؤ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اندھرا پردیش اور اوڈیسا کی سرحد پر 30 سے 40 ماؤ باغیوں نے حملہ کیا تھا۔

اوڈیسا کے ضلع مالکنگیری پولیس کے سب انسپکٹر سی کے دھاروا نے کہا کہ '21 ماؤ علیحدگی پسندوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے'۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے میں دوپولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

دھاروا کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے قبضے سے چار اے کے 47 اور تین رائفلز برآمد کرلی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ماؤسٹ 60 کی دہائی سے ہندوستان میں علیحدگی کی تحریک چلا رہے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے انھیں ہندوستان کی داخلی سیکیورٹی کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حکام سے روزگار اور غریب قبائل کے دیگر حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

ہندوستان میں چتیش گڑھ،اوڈیسا، بہار، جھاڑکھنڈ اور مہاراشٹر سمیت 20 کے قریب ریاستوں میں علیحدگی کی تحریکیں جاری ہیں۔

ساؤتھ ایشیا ٹیرارزم پورٹل ویب سائٹ کے مطابق 2005 سے 2016 کے دوران علیحدگی کی تحریک میں 7 ہزار سے زائد ماؤسٹ کو ہلاک کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں