آسٹریلیا جان لیوا سانپوں، زہریلی جیلی فش اور انسانوں کو شکار کرنے والے مگر مچھوں کے لیے جانا جاتا ہے مگر ایک نئی ویڈیو سے معلوم ہوا ہے کہ بہت بڑی مکڑیاں بھی اس ملک کے خوفناک جانداروں کی فہرست میں شامل ہوسکتی ہے۔

فیس بک پر پوسٹ ہونے والی 20 سیکنڈ کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک غیرمعمولی حد تک بڑی مکڑی ایک چوہے کا شکار کرلیتی ہے۔

محض چھ انچ کی مکڑی بڑے سائز کے چوہے کو مار کر آسانی سے گھسیٹ کر فریج کے دروازے سے نیچے لے جاتی ہے۔

ویڈیو کے پیچھے چلنے والی آواز میں کوئی شخص کہہ رہا ہے ' یہ مکڑی اس چوہے کے ساتھ کیا کرنے جارہی ہے'۔

آسٹریلیا کی ریاست کوئنز لینڈ کے قصبے کوپپابیلا کے ایک شخص جیسن وومل نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ' میں اپنے کام سے نکل کر گھر جارہا تھا کہ میرے پڑوسی نے مجھے کہا کہ کچھ انوکھا دیکھنا چاہتے ہو اور میں تیار ہوگیا، تو اس نے مجھے وہ جگہ دکھائی جہاں یہ ہنٹس مین مکڑی ایک چوہے کو کھانے کی کوشش کررہی تھی'۔

اس مکڑی کے شکار کو انٹرنیٹ نے اتنا زیادہ پسند کیا یا لوگ خوفزدہ ہوئے کہ اس ویڈیو کو 73 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد بار شیئر بھی ہوچکی ہے۔

جیسن نے مزید لکھا ' اس مکڑی کا نام ہم نے ہرمی رکھا ہے، ہم نے اسے گود لے لیا ہے اور اب وہ کھل کر شکار کرسکتی ہے'۔

ایسی مکڑیاں آسٹریلیا میں بہت عام ہیں اور یہ زہر کے ذریعے اپنا شکار کرتی ہیں مگر عام طور پر انہیں انسانوں کے لیے خطرناک نہیں سمجھا جاتا۔

تبصرے (0) بند ہیں