انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اکیڈمی پی ڈی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کی ڈس ایبلڈ ٹیم نے انگلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔

دبئی اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چمپیئن انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتےہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمی گوڈوین نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے نہارعالم نے 2 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔

پاکستان نے 138 رنز کا مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرکے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسنین عالم نے سب سے زیادہ 39 جبکہ کپتان جہانزیب ٹوانہ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے باؤلر ڈین رینالڈو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو فائنل میں زیر کرکے چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 5 ٹیموں نے حصہ لینا تھا تاہم ہندوستان اور افغانستان کی ٹیمیں پہلے ہی دست بردار ہوئی تھیں۔

پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

جہانزیب ٹوانہ (کپتان)، نہارعالم (نائب کپتان)، حسنین عالم، راؤ جاوید، مطلوب قریشی، دانش احمد، ریحان غنی، عبداللہ اعجاز، زبیر سلیم، فیاض احمد، واجد عالم، عادل عباسی، شیرعلی، محمد شہباز، فرحان سعید

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں