دبئی: سعودی عرب کے شہر دمام میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے العریبیہ ٹی وی کے حوالے سے بتایا کہ 3 نامعلوم مسلح افراد نے دمام کے علاقے الضباب میں سیکیورٹی اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کردی جب وہ ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں سیکیورٹی اہلکار نجی کار پر سفر کررہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں خودکش حملے،ایران کی مذمت

واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر کے مہینے میں بھی دو پولیس اہلکاروں کو دمام میں ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

دمام سعودی عرب کا مشرقی صوبہ ہے اور یہاں اکثر سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں سعودی عرب کے شہر قطیف اور مدینہ منورہ میں مساجد کے قریب 3 خود کش دھماکوں میں 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل جدہ میں قائم امریکی قونصل خانے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھی۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں