انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے باوجود انگلش ٹیم کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ٹیم نے ہندوستان کے خلاف ایسی ہی کارکردگی دکھائی تو انہیں 5-0 سے شکست ہو گی۔

انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اعصاب شکن معرکے کے بعد 22 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کی تھی۔

تاہم آئندہ ماہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کا سامنا کرنے والی انگلش ٹیم کی چٹاگانگ ٹیسٹ میں کارکردگی پر مائیکل وان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ویسی ہی کارکردگی دکھائی جیسی بنگہ دیش کے خلاف دکھائی تھی، تو انہیں 5-0 سے شکست ہو گی۔

عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر موجود بنگلہ دیشی ٹیم ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں میزبان کے خلاف مشکلات سے دوچار نظر آئی جہاں وہ پہلی اننگز میں 21 اور دوسری اننگز میں 28 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

مزید پڑھیں: چٹاگانگ میں دلچسپ مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست

بنگلہ دیش کیلئے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مہدی حسن نے میچ میں سات وکٹیں حاصل کیں جہاں انگلینڈ نے میچ میں 20 میں سے 19وکٹیں اسپنرز کے خلاف گنوائیں۔

اب آئندہ ماہ اسے عالمی نمبر ایک ہندوستان کے عالمی نمبر ایک اسپنر روی چندرہ ایشون اور ان کے ساتھی رویندرا جدیجا کا ان کی ہی سرزمین پر سامنا ہے اور انگلینڈ کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کیلئے ہندوستان کے خلاف سیریز کسی امتحان سے کم نہ ہو گی۔

51 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی قیادت کرنے والے مائیکل وان نے انگلش ٹیم کی ٹاپ آرڈر کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون پہلے جاتا ہے، ایک عرصے سے وہ 30 سے 40 رنز پر ابتدائی تین کھلاڑیوں سے محروم ہو جاتے ہیں، اگر ہندوستان کے خلاف بھی ایسا ہی ہوا تو وہ انہیں اڑا کر رکھ دیں گے۔

انہوں نے جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے طنزیہ کہا کہ آپ فتح کا جشن منا سکتے ہیں لیکن انگلینڈ کو سچائی سے کام لیتے ہوئے یہ سوچنا چاہیے کہ وہ بہتر کھیل سکتے ہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کوچ ٹریور بیلس نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم کو بیٹنگ اور باؤلنگ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ 53 سالہ آسٹریلین نے کہا کہ ہماری اسپن باؤلنگ کو مزید مستقل مزاجی لانا ہو گی، ایسے کھلاڑیوں کو اسپن باؤلنگ کرنا مشکل ہے جو اسپن کھیلنے کے عادی ہوں۔

تاہم انہوں نے کم مارجن سے فتح کے باوجود بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیم میں تبدیلیوں کے امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایک میچ کے بعد ٹیم میں تبدیلی کرنا مشکل ہوتا ہے خصوصاً جب کہ آپ میچ جیت گئے ہوں لیکن ہمارے بلے بازوں کو بہتر بیٹنگ کرنا ہو گی۔

بنگہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعے سے ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں