بل گیٹس کی زندگی کے بڑے پچھتاوے کیا ہیں؟

25 اکتوبر 2016
بل گیٹس — کریٹیو کامنز فوٹو
بل گیٹس — کریٹیو کامنز فوٹو

بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور کہا جاتا ہے کہ وہ پہلے فرد ہوں گے جن کی دولت ایک کھرب ڈالرز سے تجاوز کرجائے گی مگر ان کی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا کیا ہے؟

انہوں نے کچھ عرصے پہلے ریڈیٹ میں سوالات کے ایک سیشن کے دوران دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے بارے میں انہیں لگتا ہے کہ اگر وہ 20 سال پہلے کرلیتے تو اچھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2014 کا بل گیٹس 1994 سے بالکل مختلف ہے، جب ان کی توجہ کا مرکز صرف مائیکروسافٹ کو ترقی دینا تھا۔

اب وہ کمپنی کے اہم کردار سے پیچھے ہٹ چکے ہیں جس کی وجہ برسوں سے فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رہنا ہے۔

اس وقت بل گیٹس کے لیے فلاحی سرگرمیاں مائیکروسافٹ سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں اور وہ اپنے وقت کا دو تہائی حصہ اپنی فاﺅنڈیشن پر صرف کرتے ہیں۔

مگر اس سے پہلے انہوں نے زندگی کا بڑا حصہ اپنی کمپنی کو بنانے میں لگایا مگر اب وہ کہتے ہیں کہ اگر وہ پہلے ہی کام اور فلاحی سرگرمیوں میں توازن رکھتے تو زیادہ اچھا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور یاآنے والے عہد کے افراد کو اپنے کاروباری اور فلاحی کاموں کے درمیان توازن پیدا کرنا ہوگا، جیسے مارک زکربرگ نے کیرئیر کے آغاز میں ہی یہ توازن پیدا کیا ہے۔

بل گیٹس کے مطابق ' میں یہ دیکھ کر متاثر ہوتا ہوں کہ آج کی نسل کتنی جلد انسانی مدد کے بارے میں سوچتی ہے، مجھے ایسا کرنے میں کافی عرصہ لگ گیا تھا'۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ بیس برس کے دوران کتنا بدل چکے ہیں تو انہوں نے اعتراف کیا کہ عمر میں اضافے نے ان پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

ان کے بقول ' بیس سال قبل میں کئی کئی روز دفتر میں گزار دیتا تھا اور اس بارے میں سوچتا بھی نہیں تھا، مگر اب مجھے لگتا ہے کہ ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا، اب میں عمر رسیدہ ہوگیا ہوں مگر توقع کرتا ہوں کہ میری عقل میں بھی اضافہ ہوا ہو'۔

تبصرے (0) بند ہیں