سابق لیگ اسپنر عبدالقادر کا کہنا ہے پاکستان ٹیم کا اصل امتحان نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا جبکہ ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے وائٹ واش کی جانب گامزن ہے۔

عبدالقادر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی موجودہ ٹیم تسلی بخش کارکردگی نہیں دکھا پائی جبکہ قومی ٹیم کا اصل امتحان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے میں ہوگا۔

قومی ٹیم اگلے ماہ نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے جس کا آغاز 17 نومبر کو ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 نومبرکو شروع ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دسمبر میں آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں 3 ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز ہوگی جس کا آغاز 19 دسمبر کو ٹیسٹ میچ سے ہوگا، سیریزکا پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر کی 10وکٹیں، ابوظہبی ٹیسٹ اور سیریز پاکستان کے نام

خبررساں ادارے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ 'جس ویسٹ انڈیز ٹیم کو ہم جانتے تھے اب ویسی نہیں رہی جبکہ فتح گر کارکردگی دکھانے والے کئی کھلاڑی اس ٹیم سے باہر ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کرس گیل، ڈیرن سیمی اور آندرے رسل ایسے کھلاڑی ہیں جو اکیلے میچ کو جتواسکتے ہیں اور وہ ٹیم میں موجود نہیں ہیں'۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں چمپیئن بنوانے والے کپتان ڈیرن سیمی کو حال ہی میں ٹیم سے فارغ کردیا تھا اسی لیے عبدالقادر نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کیا کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مصباح، ویسٹ انڈیز ٹیم کی تنزلی پر افسردہ

سابق نامورلیگ اسپنر نے کہا کہ 'ویسٹ انڈیز کی موجودہ ٹیم نوجوانوں پر مشتمل ہے جس میں اہلیت کی کمی ہے اور پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز سے کئی گنا بہتر ہے'۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اظہرعلی صرف ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ایک اچھا کھلاڑی ہے۔

عبدالقادر نے کہا کہ 'اظہرعلی کو صرف ٹیسٹ تک محدود کردینا چاہیے اور ایک روزہ کرکٹ میں ہمیں محمد حفیظ کی طرح آل راؤنڈرز کو شامل کرنا چاہیے'۔

محمد حفیظ انجری کے باعث انگلینڈ کا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آئے تھے جس کے بعد انھیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

SYED KAZIM Oct 26, 2016 11:54am
what a stupidity all senior were saying like this when pak was touring to england and pak level the series there now again confusing pak team that asal imtihan NZ aur AUS main hoga they always comments negative