ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی دوسری فتح

25 اکتوبر 2016
جاپان کیخلاف گول اسکور کرنے کے بعد پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے ۔ تصویر بشکریہ ٹوئٹر
جاپان کیخلاف گول اسکور کرنے کے بعد پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے ۔ تصویر بشکریہ ٹوئٹر

کوانٹن: ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے جاپان کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔

ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں کھیلے گئےمیچ کے پانچویں منٹ میں عرفان جونیئر نے گول کر کے پاکستان کو ایک صفر کی برتری دلادی تاہم پاکستان کی یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔

دسویں منٹ میں جاپان نے گول کر کے میچ ایک ایک سے سے برابر کردیا لیکن دو منٹ بعد ہی محمد بلال نے گول کرکے ایک بار پھر پاکستان کو سبقت دلا دی۔

30ویں منٹ میں جاپانی کھلاڑی سیرن کے دوسرے گول کے باعث میچ ایک بار پھر برابر ہو گیا۔

تیسرے کوارٹرمیں محمد رضوان کے گول کی بدولت قومی ٹیم نے میچ میں تیسری مرتبہ برتری حاصل کی جبکہ علیم بلال نے چوتھے کوارٹر میں ایک اور گول داغ کر برتری کو دوگنا کردیا۔

تاہم چند منٹ بعد جاپان نے پینالٹی اسٹروک پر گول کر کے تیسرا گول کیا لیکن اس کے بعد قومی کھلاڑیوں نے جاپانی ٹیم کو کوئی موقع نہیں دیا اور میچ چار تین سے اپنے نام کرلیا۔

اس فتح کے بعد گرین شرٹس پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن رکھیں۔

پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا چوتھا میچ جمعرات کو چین کے خلاف کھیلے گا اور سیمی فائنل تک رسائی کیلئے کو پاکستان کو چین کے خلاف میچ میں لازمی کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں