4 سالہ بچی نے 7 زبانیں کیسے سیکھیں؟

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2016
بیلا ڈیویاٹکینا — فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل
بیلا ڈیویاٹکینا — فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

روس سے تعلق رکھنے والی 4 سالہ بیلا ڈیویاٹکینا پہلی جھلک میں تو عام بچوں کی طرح لاپرواہ اور چنچل نظر آتی ہے، لیکن اگر اس سے کچھ پوچھا جائے تو وہ اس کا 7 مختلف زبانوں میں جواب دینے کی قابلیت رکھتی ہے، جس سے ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلا پہلی بار اس وقت خبروں کی زینت بنی جب اس نے ایک ٹی وی ٹیلنٹ شو ’انکریڈیبل پیپل‘ میں حصہ لیا جہاں اس نے روسی، انگریزی، فرانسیسی، ہسپانوی، جرمن، چینی اور عربی زبان میں بات کرکے ناصرف ججز بلکہ لاکھوں ناظرین کو بھی حران کردیا۔

بیلا ڈیویاٹکینا کا یہ کارنامہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور وہ راتوں رات انٹرنیٹ کی شخصیت بن گئی، جس کے بعد انہیں مختلف ٹی وی پروگرامز میں مدعو کیا جارہا ہے جہاں مہمان اس سے مختلف زبانوں میں بات کرتے ہیں اور بیلا ان کی بات کا اسی زبان میں روانی سے بات کرتے ہوئے جواب دیتی ہے۔

یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ محض 4 سالہ بچی نے اتنے کم وقت میں اتنی زبانیں کیسی سیکھیں۔

اس حوالے سے بیلا کی والدہ یولیا ڈیویاٹکینا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور ان کے شوہر نے بیلا کو انگریزی زبان اس وقت سکھانا شروع کی جب وہ صرف دو سال کی تھی اور جب انہوں نے دیکھا کہ بیلا زبان سیکھنے میں دلچسپی لے رہی ہے اور ہر چیز باآسانی سیکھ رہی ہے تو انہوں نے اسے مزید کئی زبانیں سکھانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے انہوں نے ہر زبان کے ماہر ٹیوٹر کی خدمات حاصل کی اور جب بیلا ساڑھے تین سال کی ہوئی تو وہ 2 زبانوں میں روانی سے بات کرسکتی تھی، اگلے چھ ماہ میں اس نے مزید 2 زبانوں میں مہارت حاصل کرلی۔

یولیا ڈیویاٹکینا نے دعویٰ کیا کہ اب بیلا روزانہ 6 گھنٹے غیر ملکی زبانیں سیکھتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں