نیوزی لینڈ کی ہندوستان کوچوتھے ون ڈے میں شکست

26 اکتوبر 2016
نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف سیریز2-2 سے برابر کردی—فوٹو: اے پی
نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف سیریز2-2 سے برابر کردی—فوٹو: اے پی

نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں 19 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی ہے۔

رانچی میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اوراوپنرز نے 96 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے اس فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا۔

96 کے اسکور پر ٹام لیتھم 39 رنز بنانے کے بعد اکشر پٹیل کو وکٹ دے بیٹھے۔

ایک عرصے سے فارم کے حصول میں کوشاں مارٹن گپٹل نے 78 رنز کی اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کا ثبوت دیا، 138 کے اسکور پر ہردک پانڈیا کا شکار بنے۔

کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اسکور کو 35ویں اوور میں 184 تک پہنچایا تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 300 رنز کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن لوئر آرڈر بلے باز ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہوئے۔

کین ولیمسن 41 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ جیمز نیشام کی اننگز صرف چھ رنز تک محدود رہی۔

نیوزی لینڈ کی بڑے اسکور کی امیدوں کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب 217 کے اسکور پر روس ٹیلر بھی 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ہندوستانی باؤلرز نے اختتامی 15 اوورز میں نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہیں کیا اور مقررہ اوورز میں مہمان ٹیم سات وکٹ کے نقصان پر 260 رنز بنا سکی۔

ہندوستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 19 کے اسکور پر اسے روہت شرما کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا تاہم گزشتہ میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اجنکیا راہانے کے ساتھ دوسری وکٹ میں 79 رنز جوڑے۔

ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے لیے ایک بار پھر خطرہ بنتے جا رہے تھے لیکن اش سودھی نے 458 رنز بنانے والے کھلاڑی کی اننگز کا خاتمہ کر کے ہندوستان کو بڑا نقصان پہنچایا۔

اجنکیا راہانے نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن راہانے اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔

اکشر پٹیل نے 38 اور دھاول کلکرنی نے آؤٹ ہوئے بغیر 25 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن ان کی یہ کاوش ہندوستان کو میچ جتوانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

ہندوستان کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے میچ میں 19 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز بھی 2-2 سے برابر کردی۔

مارٹن گپٹل کو 72 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ 29 اکتوبر کو وشاکا پٹنم میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں