فیس بک میں پہلی بار فیس فلٹرز متعارف

27 اکتوبر 2016
— فوٹو بشکریہ فیس بک
— فوٹو بشکریہ فیس بک

مانیں یا نہ مانیں مگر فیس بک یقیناً اسنیپ چیٹ کے فیچرز کو بہت زیادہ پسند کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب اس نے ایک بار پھر اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کا فیچر چرا لیا ہے۔

جی ہاں فیس بک نے لائیو ماسک نامی فیچر متعارف کرایا ہے جس میں لوگوں کے چہرے اسنیپ چیٹ کے لینسز کی طرح بدل جاتے ہیں۔

فیس بک کے یہ سیلفی فلٹرز لائیو ویڈیو کے لیے ہیں اور ابتدائی طور پر اسے ہالووین کے تہوار کے حوالے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

یہ رواں برس نئے لائیک بٹن یا ری ایکشنز کے بعد فیس بک کی جانب سے کی جانے والے سب سے بڑی تبدیلی قرار دی جارہی ہے۔

فیس بک کے مطابق یہ فیچر امریکا، برطانیہ اور نیوزی لینڈ کے آئی فون صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے مگر جلد ہی اینڈرائیڈ پر بھی اسے متعارف کرایا جائے گا۔

لائیو ماسکس نامی اس فیچر میں فیس بک نے augmented رئیلٹی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے جو انسانی سر کو مختلف چیزوں جیسے کھوپڑی یا کدو میں بدل دیتی ہے جو کہ یقیناً اسنیپ چیٹ کے لینسز جیسا ہی ہے۔

فیس بک نے رواں سال کے شروع میں MSQRD ایپ کو خریدا تھا اور یہ پہلی بار ہے کہ اسے فلٹرز کو فیس بک ایپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس طرح کے فلٹرز کو لائیو ویڈیو میں شامل کرنے کا مقصد عام لوگوں کو فیس بک پر اسٹریم کرنے کے لیے تیار کرنا ہے کیونکہ فی الحال میڈیا ادارے اور مشہور شخصیات ہی زیادہ تر فیس بک لائیو ویڈیوز کا استعمال کرتے ہیں۔

اس سے پہلے فیس بک اسنیپ چیٹ اسٹوریز کا فیچر انسٹاگرام اور میسنجر کا حصہ بھی بنا چکا ہے ۔

اس فیچر کے ساتھ فیس بک کی جانب سے ہالووین کے حوالے سے محدود وقت کے لیے اپنے لائیک بٹن یا فیس بک ری ایکشنز کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں