انڈر ٹیکر واپسی کے لیے تیار؟

27 اکتوبر 2016
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

چند ہفتے پہلے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ ریسلر انڈر ٹیکر کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ بیساکھیوں کے سہارے کھڑے نظر آئے تھے۔

جس کے بعد یہ اطلاعات پھیلنے لگی تھیں کہ سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن کی صحت کافی خراب ہے اور ان کا کیرئیر ختم ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ان کے کولہوں کی سرجری ہوئی تھی اسی لیے وہ بیساکھیاں استعمال کررہے تھے۔

مگر اب اپنے حریف ریسلرز کے لیے دہشت کا نشان سمجھے جانے والے انڈر ٹیکر لگتا ہے کہ ایک بار پھر فٹ ہوگئے ہیں۔

جی ہاں انڈر ٹیکر منگل کی شب امریکی باسکٹ بال ٹیم کلیو لینڈ کیولریز کے لاکر روم میں بالکل فٹ نظر آئے اور ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔

ان تصاویر میں وہ اپنے ریسلنگ کاسٹیوم میں نظر آرہے ہیں۔

51 سالہ انڈر ٹیکر آخری بار رواں سال تین اپریل کو ڈبلیو ڈبلیو ای ریسل مینیا 32 میں شین میکموہن کے خلاف ہیل ان اے سیل میچ میںایکشن میں نظر آئے تھے اور اس ایونٹ میں 23 ویں کامیابی حاصل کی تھی۔

اب ان کی فٹنس دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ ریسل مینیا 33 میں بھی شرکت کریں گے جہاں ان کا سامنا جان سینا یا گولڈ برگ سے ہوسکتا ہے۔

گولڈ برگ آئندہ ماہ سروائیور سیریز میںبروک لیسنر کے خلاف مقابلے میں شرکت کریں گے اور ڈبلیو ڈبلیو ای سے انہوں نے ایک فائٹ کا ہی معاہدہ کیا ہے۔

تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای گولڈ برگ کو مزید میچز میں شرکت کے لیے قائل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس حوالے سے ریسل مینیا 33 میں انڈر ٹیکر سے ان کا مقابلہ کرانے میں دلچسپی بھی رکھتی ہے۔

اگر ڈبلیو ڈبلیو ای ایسا کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو اس بات کے امکانات ہیں کہ جان سینا انڈر ٹیکر کی بجائے موجودہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن اے جے اسٹائلز کے مقابلے میں چیمپئن شپ میچ کے لیے ایکشن میں نظر آئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں