ثقلین مشتاق کو ہندوستان کا ویزا جاری

28 اکتوبر 2016
ثقلین مشتاق ا س سے قبل انگلینڈ کے کنسلٹنٹ کے طورپر کام کرچکے ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
ثقلین مشتاق ا س سے قبل انگلینڈ کے کنسلٹنٹ کے طورپر کام کرچکے ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنر ثقلین مشتاق کو ہندوستان کا ویزاجاری کردیا گیا ہے جہاں وہ انگلینڈ ٹیم کے اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے 15 دن کام کریں گے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم اس وقت بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کھیل رہی ہے جس کےبعد 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ہندوستان روانہ ہوگی۔

ثقلین مشتاق کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے خلاف سیریز میں ٹیم کے اسپنرز کی مدد کے لیے کنسلٹنٹ مقرر کیا ہے جبکہ وہ اسے قبل بھی انگلش ٹیم کےساتھ کام کرچکے ہیں۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے ہندوستان کا ویزا مل گیا ہے اور میں یکم نومبر کو وہاں جاؤں گا'۔

اسپن باؤلنگ میں جدت لاتے ہوئے 'دوسرا' کو متعارف کرانے والے پاکستان ٹیم کے سابق کھلاڑی اس سے قبل انگلینڈ کے علاوہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ اسپن کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کی مدد کیلئے ثقلین مشتاق مانچسٹر میں

آئی سی سی نے جب سعیداجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے پابندی عائد کی تھی تو ثقلین نے ان کے باؤلنگ ایکشن کو درست کرنے میں مدد کی تھی۔

یاد رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے انگلینڈ کے حالیہ دورے میں ثقلین مشتاق نے انگلش باؤلرز اور بلےبازوں کی معاونت کی تھی جس کے باعث لارڈز میں پہلے ٹیسٹ میں تباہ کن باؤلنگ کرنے والے یاسر شاہ سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں غیر موثر ثابت ہوئے تھے۔

ثقلین مشتاق نے لارڈز ٹیسٹ کے بعد انگلش ٹیم کی معاونت کی تھی اور اسی لیے انگلش بلے بازوں نے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور دونوں میچوں میں باآسانی کامیابی حاصل کی تھی۔

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف صرف دوسرے اورتیسرے میچ کے لیے ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی تھی تاہم اچھے نتائج حاصل ہونے پر انگلینڈ ٹیم کے کوچ نے ان کی خدمات دوبارہ حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

مزید پڑھیں:انگلش کوچ، ثقلین سے دوبارہ معاہدے کے خواہش مند

دوسری جانب انگلش ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں ان کی باؤلنگ کے علاوہ بیٹنگ بھی ناکام ہوئی تھی تاہم سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

انگلینڈ ٹیم ہندوستان کے دورے میں 5 ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کا آغاز 9 نومبر کو راج کوٹ میں ہوگا جبکہ دورے میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں