ایک تصویر سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے اسلام آباد کا 'چائے والا' ارشد خان نے ایک موٹر سائیکل کا اشتہار بھی اپنے نام کروا لیا۔

سوشل میڈیا پر سپر پاور موٹر سائیکل نامی ایک موٹر سائیکل کے برینڈ نے ارشد خان کے کچھ تصاویر اپنی موٹر سائیکلز کے ساتھ شیئر کیں، جن کا انٹرنیٹ پر کافی چرچا ہے۔

ان تصاویر کو دیکھ کر اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ چائے والا اب ایک کے بعد ایک برینڈز میں شامل ہوکر بہت جلد حمزہ علی عباسی اور فواد خان کی جگہ لے سکے گا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد کا 'گڈ لکنگ' چائے والا

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل جویریا نامی ایک فوٹوگرافر نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں ایک فوٹو واک کے دوران اس چائے والے کی تصویر لی تھی، جو راتوں رات سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی۔

اس مقبولیت کے بعد ارشد خان کو دنیا بھر کے میڈیا نے اپنی خبروں کو حصہ بنایا، وہ اپنے دلکش انداز کے باعث کئی مارننگ شوز کا بھی حصہ بنے۔

ارشد کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں نے فلموں میں اداکاری کے بارے میں نہیں سوچا، کیوں کہ میرے گھر میں اب تک کسی نے ایسا نہیں کیا، فلموں میں کام کرنا معزز کام نہیں ہے، پختون ہمیشہ وہ کام کرتے ہیں جو معزز ہو، اگر مجھے کوئی ایسا صاف اور معزز کام ملا تو میں وہ کروں گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے ’چائے والے‘ کی قسمت کُھل گئی

واضح رہے کہ ارشد خان کبھی اسکول نہیں گیا، اب تک متعدد اداروں کی جانب سے اس کو ماڈلنگ یا اداکاری کی پیشکشیں تو سامنے آ رہی ہیں لیکن کسی نے اس کو خواندہ بنانے پر توجہ نہیں دی، جبکہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی جانب سے ایسی کوئی آفر سامنے نہیں آئی کہ اس خوبرو نوجوان کو تعلیم دے کر مزید نکھارا جا سکے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rehan Hyder Nov 10, 2016 09:02am
ہماری ترقی میں جو چیز رکاوٹ ہے وہ یہ ہی ہے کہ کسی سے بھی کچھ بھی کام کروایا جا رہا ہے، وہ جس نے باقائدہ اس کام کی تربیت اور تعلیم حاصل کی ہو وہ بیکار پھرتا ہے اور کوئی بھی چائے والا تندور والا آکر اس کا کام شروع کردیتا ہے۔ یہ رواج درست نہیں۔