گزشتہ چند دنوں سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور بلاگرز نے جس معاملے کو بے حد سنجیدگی سے توجہ کا مرکز بنا رکھا ہے وہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بُک بورڈ، لاہور سے مارچ 2016 میں شائع ہونے والی آٹھویں جماعت کی ہوم اکنامکس میں دیا گیا "خاتونِ خانہ کے لیے وقت کے گوشوارے کا مثالی خاکہ" ہے۔

تصویر نظر سے گزری تو جو پہلا خیال آیا وہ صرف یہ تھا کہ خاتونِ خانہ ہے یا باندی کہ جسے صرف رات گیارہ بجے سے صبح پانچ بجے تک آرام کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ دوسرا سوال یہ ابھرا کہ خاتونِ خانہ اگر کُل یا جز وقتی ملازم یا ملازمہ رکھتی ہو (جو کہ متوسط گھرانوں میں بھی دستیاب ہیں) تو تین وقت کھانا، دھلائی اور گھر صفائی کا کیا کرنا ہے؟

آٹھویں جماعت کی ہوم اکنامکس میں دیا گیا خاتونِ خانہ کے لیے وقت کے گوشوارے کا مثالی خاکہ— تصویر افشاں مصعب
آٹھویں جماعت کی ہوم اکنامکس میں دیا گیا خاتونِ خانہ کے لیے وقت کے گوشوارے کا مثالی خاکہ— تصویر افشاں مصعب

شوہر اگر بیرون ملک نوکری یا مزدوری کرتا ہو تو پاکستان میں رہتی عورت گھر کیسے چلائے گی یا پھر وہ مثالی گھریلو عورت نہیں بن سکتی۔ نمازوں کے اوقات پر پوچھنا چاہیے کہ مخصوص ایام میں کیا کرنا ہے۔ غیر مسلم خواتین کیا کریں۔ اور جو نیند کے چھ گھنٹے عطا ہوئے ہیں اس میں بیوی کے حقوق و فرائض کی ٹائمنگ بھی بتا دیتے۔

مذکورہ گوشوارے کے حساب سے ٹی وی ساڑھے سات سے ساڑھے نو بجے تک دیکھیں۔ جبکہ بچوں کو اڑھائی گھنٹے پڑھانا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ جو خواتین کم پڑھی لکھی ہوں وہ ان اوقات میں کیا کریں. آپ کو کسی روبوٹ کے لیے ٹائم ٹیبل فیڈ کرنا ہے یا انسان کے لیے؟

پڑھیے: معاشی خودکفالت، خواتین کے مسائل کا حل

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ طالبات سے پوچھا جاتا کہ وہ چوبیس گھنٹوں کو کس طرح ترتیب دیں گی۔ خاتونِ خانہ ہی سہی تو بے اولاد یا بیوہ کیا کریں، کیا وہ مثالی نہیں بن سکتیں۔

زمینی، معاشرتی اور معاشی حقائق سے کوسوں دور بیٹھ کر یہ خاکہ مرتب کرنے والی مصنفہ و مدیر سمیت پنجاب حکومت نے کتنے پلیٹ فارمز پر گھریلو صنعتوں کے فروغ پر زور دیا ہوگا۔ کیا آج کے دور میں متوسط گھرانہ چلانے کے لیے بھی فردِ واحد کی کمائی کے ساتھ گزارا ہوسکتا ہے؟

ایک جانب آپ کو طب سے لے کر فیکٹریوں، پولیس، فوج، بینک، کھیت، اسکولوں اور اینٹوں کے بھٹوں تک تو کیا سڑکیں بنانے میں بھی ہاتھ بٹاتی خواتین چاہئیں اور دوسری جانب آئیڈیلزم کا شکار وہی ڈائجسٹس کی دنیا میں بیٹھی بی بی کا خاکہ پیش کیا جارہا ہے۔ جو خواتین گھر ہی میں چھوٹے یونٹس پر کام کاج کر رہی ہیں یا آن لائن ملازمتیں کرتی ہیں وہ فراہم کردہ "مثالی خاکہ" کیسے فالو کریں یہ بتانا بھول گئے۔ خبر نہیں کہ معاشی دباؤ کے اعشاریے کو سمجھتے بھی ہیں یا پھر مراۃ العروس کی اصغری/اکبری کی تقسیم سے باہر نکلنے پر طبیعت مائل نہیں ہو رہی؟

سوالات پڑھے تو کتاب خرید کر خود مطالعہ کرنے کا خیال آیا۔ معلوم ہوا کہ "راولپنڈی میں ڈسٹریبیوٹرز کو انگلش میڈیم ہوم اکنامکس ابھی تک گزشتہ برس والی ہی مہیا کی جا رہی ہے اور کل ہی دو سو کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔

پنجاب حکومت اس برس بھی بروقت چھپائی اور ترسیل کا کام وقت پر نمٹا نہیں سکی۔ لیکن مزید تحقیق کرنے پر معاملہ برعکس دکھائی دیا کہ ان لوگوں کے پاس گزشتہ برسوں کی انگریزی ہوم اکنامکس کی کتب بڑی تعداد میں پڑی تھیں لہٰذا اس سال نئی خریدنے کا تردد ہی نہیں کیا۔ لاہور میں نیا نصاب ہی فروخت ہو رہا ہے جبکہ دیگر اضلاع کی صورتحال واضح نہیں ہوسکی۔

آٹھویں کے ہوم اکنامکس نصاب میں تبدیل کیے جانے والے یونٹس— تصویر افشاں مصعب
آٹھویں کے ہوم اکنامکس نصاب میں تبدیل کیے جانے والے یونٹس— تصویر افشاں مصعب

اس برس نہ صرف نصاب میں واضح تبدیلی کی گئی ہے بلکہ مصنفین تک کو تبدیل کیا گیا جو کئی دہائیوں سے اچار ڈالنے، حلوے پکانے اور سبزیاں سُکھانے پر قادر تھیں۔ وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے دسویں جماعت میں پڑھائے جانے والے موضوعات آٹھویں میں لائے گئے ہیں۔

کُل 11 یونٹس میں منقسم درسی کتاب میں پہلی دفعہ ہوم اکنامکس کا تعارف اور اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے غذا غذائیت، تصورِ ذات، شخصیت کی نشوونما، رنگوں کی افادیت اور ذرائع و وسائل کا انتظام جیسے موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ورنہ تو آغاز ہی قورمہ کی افادیت اور اجزائے ترکیبی سے ہوا کرتا تھا۔

پڑھیے: حضرات! خواتین کی ترقی کے لیے کام کریں

اس برس آٹھویں جماعت کی طالبہ کو سوجی بھوننے اور مچھلی ٹانکا کاڑھنے سے نجات مل گئی ہے۔ ورنہ تو خانہ داری کے نام پر سرکاری اسکولوں کی استانیاں امتحانات اور ہفتہ وار ٹیسٹوں کے علاوہ بھی ہر مہینے اسٹاف روم میں اچھی خاصی ضیافت کا بند وبست کروا لیا کرتی تھیں۔ مجموعی طور پر یہ اچھا تاثر دیتی تبدیلی ہے سوائے اس نام نہاد مثالی خاکے کے جو کہ متوسط گھرانے میں کس شرح سے مستعمل ہے وہ شاید مصنفہ خود بھی نہیں جانتی ہوں گی۔

اچھنبے کی بات یہ ہے کہ انگریزی میڈیم آٹھویں جماعت میں پڑھتی طالبہ کی کتاب تین حصوں میں تقسیم ہے: پکوان ، صحت و صفائی اور سلائی کڑھائی جبکہ تیسرے حصے میں خاندان میں رہتے ہوئے دھلائی، کپڑوں سے داغ دھبے اتارنا اور گھریلو بجٹ بنانا شامل ہے نیز کاغذ کے پھول بنانے بھی سِکھائے گئے ہیں۔

ہوم اکنامکس کا انگریزی میں نصاب — تصویر افشاں مصعب
ہوم اکنامکس کا انگریزی میں نصاب — تصویر افشاں مصعب

یہاں معاملہ گھمبیر یوں ہے کہ پورے راولپنڈی ڈویژن میں یہی متروک نصاب انگریزی میڈیم میں پڑھایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس پہلی دفعہ میٹرک کی طالبات ہوم اکنامکس میں بڑی تعداد میں فیل ہوئیں جس کی وجہ یہ رہی کہ پرچہ اس نصاب کا تھا جو بروقت طالبات کی رسائی میں نہ آسکا۔

ہم یہاں ایک مثالی خاکے کو لے کر جذباتی ہوئے بیٹھے تھے اور کتاب خریدنے گئے تو مسئلہ شیطان کی آنت کی طرح بڑھتا ہی چلا گیا۔ ذہن میں خاکہ تو یہ بنایا تھا کہ اس شیڈول کا تصور و ترویج کرنے والوں کو خوب لتاڑا جائے لیکن یہاں تو ایک بڑی تعداد آج بھی چٹنی مربے بناتے براؤن پیپر کے شلوار کُرتے کاٹ رہی ہے۔

اب فکر یہ کیجیے کہ بورڈ کے امتحانات میں بیٹھنے والی طالبات کو پرچہ کون سے نصاب کا آئے گا یا پھر کچھ ڈویژنز کے لیے دونوں میڈیمز کے لیے الگ الگ پرچہ مرتب ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Kaleem Nov 26, 2016 02:35pm
گھر اور کمیونٹی دونوں کو ھی عورت کی ضرورت ھے۔ دن میں ۳ گھنٹے اپنی ھنرمندی کے مطابق معاشرے کو دینے میں کوئی قباحت نہیں لیکن فوقیت گھر اور بچے سنبھالنے کو ھی دینی چاھیے۔