شیاﺅمی کو پاکستان میں فون فروخت کرنے کی اجازت

اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2016
شیاؤمی می فائیو — فوٹو بشکریہ شیاؤمی
شیاؤمی می فائیو — فوٹو بشکریہ شیاؤمی

چینی اسمارٹ فون کمپنی شیاﺅمی کو آخرکار پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ڈیوائسز فروخت کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال اگست میں پی ٹی اے نے شیاﺅمی کے فونز کی فروخت پر پابندی عائد کردی تھی جس کی وجہ ملکی قوانین کی پاسداری نہ کرنا قرار دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں : پاکستان میں 'شیاؤ می' اسمارٹ فون کی فروخت پر پابندی

تاہم اب شیاﺅمی نے ریگولیٹر کی شرائط کو پورا کردیا ہے اور اب باضابطہ طور پر پاکستان میں اسے اسمارٹ فونز فروخت کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ابتدائی طور پر اس چینی کمپنی کو 2 فونز شیاﺅمی می میکس اور شیاﺅمی می 5 کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شیاﺅمی نوٹ 3 اور شیاﺅمی نوٹ 4 فروخت کرنے کی اجازت بھی آئندہ چند روز میں دی جاسکتی ہے۔

پی ٹی اے کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ اتھارٹی نے حکومت کی طے کردہ شرائط کو پورا کرنے پر شیاﺅمی کو پاکستان میں کام کرنے اور فونز فروخت کرنے کا این او سی دے دیا ہے۔

شیاﺅمی کی جانب سے آئندہ چند روز کے دوران فونز کو باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس کمپنی کے فونز کو آئی فون کے مقابلے کا سمجھا جاتا ہے مگر ان کی قیمتیں بہت زیادہ کم ہوتی ہیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ پاکستان میں فروخت کیے جانے والے فونز کی قیمت کیا ہوگی تاہم یہ مسابقتی قیمتوں میں آفیشل وارنٹی کے ساتھ صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق شیاﺅمی فونز اور ایسیسریز کی قیمتیں چینی مارکیٹ میں طے شدہ قیمتوں کے قریب ہوگی۔


نوٹ: یہ رپورٹ ابتدائی طور پرو پاکستانی پر شائع ہوئی، جسے ان کی اجازت سے یہاں شائع کیا گیا

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Javed Dec 01, 2016 02:59pm
This is great news.