پاکستان ویمن ٹیم ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2016
ثنا میر نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں:فائل فوٹو:اے ایف پی
ثنا میر نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں:فائل فوٹو:اے ایف پی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سابق کپتان ثنا میر کی شاندار باؤلنگ کی بدولت تھائی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں جگہ بنالی جہاں روایتی حریف ہندوستان سے مقابلہ ہوگا۔

بنکاک میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں تھائی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بینٹگ کا فیصلہ کیا جس کو پاکستانی باؤلرز نے غلط ثابت کردیا۔

ثنامیر کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے تھائی کھلاڑی ریت کی دیوار ثابت ہوئیں اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں صرف 51 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میزبان تھائی لینڈ کی ویمن ٹیم کو پہلا نقصان 2 رنز پر اٹھانا پڑا جب سائنگساکارات کو انعم اقبال نے آؤٹ کیا جس کے بعد 5 کے اسکور پر اسماویہ اقبال نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلادی۔

ثنا میر نے تھائی لینڈ کی جانب سے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے خاتون چینتام کو 13 کے اسکور پرآؤٹ کر کے پاکستان کو ایک آسان ہدف کی راہ ہموار کی۔

تھائی لینڈ کی 5 بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئیں یوں 9 بلے باز دہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکیں۔

چینتام 13 اور سیتھروانگ 11 رنز بنا کرنمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے سابق کپتان ثنا میر نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انعم امین اور نداڈار نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ اسماویہ اقبال کے حصے میں آئی۔

آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی ڈرامائی تھا اور پہلا نقصان صفر پر اٹھانا پڑا جب عائشہ ظفربغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔

بسمہ معروف 13 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئیں تاہم اسماویہ اقبال اور نداڈار نے بالترتیب 24 اور 14 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہم کنار کرنے میں بنیادی کردار اداکیا۔

ثنا میر بیٹنگ میں اپنے جوہر دکھانے میں ناکام ہوئی تاہم نین عابدی 4 اور جویریہ خان ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہیں۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 12 اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا۔

ثنا میر کو شاندار باؤلنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویمن ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 4 دسمبر کو بنکاک میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں