چیپل-ہیڈلی سیریز: آسٹریلیا کی کیویز پر پہلی فتح

04 دسمبر 2016
اسمتھ نے بحرانی صورت حال میں قائدانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی—فوٹو: اے پی
اسمتھ نے بحرانی صورت حال میں قائدانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی—فوٹو: اے پی

آسٹریلیا نے کپتان اسٹیون اسمتھ کی شاندار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو چیپل-ہیڈلی سیریز کے پہلے میچ میں 68 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست نظر نہیں آرہا تھا۔

ناقص فارم سے دوچار آسٹریلوی ٹیم 92 رنز پر 4 وکٹیں گنوا کر بحرانی صورت حال سے دوچار تھی تاہم اسمتھ نے قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے ایک بڑا اسکورترتیب دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

اسمتھ نے 14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 164 رنز بنائے اور انھیں ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کیا۔

نوجوان بلے باز ٹریویس ہیڈ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری، بولٹ اور نیشام نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم بھی ابتدا میں ہی ٹام لیتھم اور کین ولیمسن سے محروم ہوگئی۔

جیمزنیشام نے 34 رنز بنا کر اسکور کو 126 رنز تک پہنچانے میں مارٹن گپٹل کا ساتھ دیا جس کے بعد واٹلنگ بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے تاہم کولن منرو نے ایک مشکل وقت میں 49 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جو فتح کے لیے ناکافی تھی۔

مارٹن گپٹل نے 114 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی جانب سے بھرپور مزاحمت کی۔

کیوی ٹیم 45 ویں اوور میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں میچ میں 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلوی کپتان کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

چیپل-ہیڈلی سیریز کا دوسرا میچ 6 دسمبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو گزشتہ دونوں سیریز میں شکست دے کر چمپیئن بننے کا اعزاز پایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں