طیارہ حادثے کی شکار برازیلین ٹیم ٹائٹل کی فاتح قرار

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2016
کھلاڑیوں کی آخری رسومات کی ادائیگی پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا— فوٹو: رائٹرز
کھلاڑیوں کی آخری رسومات کی ادائیگی پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا— فوٹو: رائٹرز

اسنسیون: جنوبی امریکا کی فٹبال فیڈریشن کونمیبول نے طیارے حادثے کا شکار ہونے والے برازیلین کلب کی ٹیم شپے کوئنز کو کوپا سودامیری کانا کا ٹائٹل ایوارڈ کردیا ہے۔

برازیل کے فٹ بال کلب شپے کوئنز کے کھلاڑیوں کو لے جانے والا جہاز کولمبیا کی حدود میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 81 میں سے 75 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شپے کوئنز فٹ بال ٹیم اپنے کلب کی تاریخ کا سب سے بڑا میچ کوپا سودا میری کانا کا فائنل کھیلنے کیلئے جا رہی تھی جہاں اس کا مقابلہ 30 نومبر کو کولمبیا کی فٹ بال کلب ٹیم ایٹلاٹیکو ناشیونل ہونا تھا۔

جنوبی امریکا کی فٹبال کنفیڈریشن اپنے بیان میں کہا کہ حادثے قبل پورے سیزن میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے کلب کے اعزاز میں انہیں یہ ٹورنامنٹ ایوارڈ کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: برازیل کے فٹ بالرز کو لے جانے والا طیارہ تباہ،75 ہلاک

شپے کوئنز کے نائب صدر ایون توزو نے فیصلے کو سراہتے ہوئے 'انصاف' قرار دیا، ہمیں یقین تھا کہ 'شپے' چیمپیئن بنے گی۔ یہ انہیں بہترین خراج عقیدت ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ ایندھن ختم ہوے کو قرار دیا گیا تھا۔

ادھر حریف کولمبین کلب نے بھی حادثے کے بعد جنوبی امریکا کے دوسرے سب سے بڑے کلب کے ٹائٹل کو شپے کوئنز کو ایوارڈ کرنے کی درخواست کی تھی جس کے بعد کنفیڈریشن نے باقاعدہ طور پر ٹائٹل ان کے نام کرنے کا اعلان کیا۔

کنفیڈریشن نے کہا کہ کونمیبول 2016 کوپا سودا میریکانا چیمپیئن شپ کا ٹائٹل شپے کوئنز کا ایوارڈ کرتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں دو ملین ڈالر کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: طیارہ حادثہ:پائلٹ نے ایندھن ختم ہونے کی اطلاع دی تھی

بیان میں کہا گیا کہ اپنے بھائیوں کیلئے ایٹلاٹیکو ناشیونل نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا وہ فیر پلے اور کھیل کی روح کی عملی تصویر ہے۔

سودا میریکانا ٹائٹل جیتنے کے بعد شپے کوئنز آئندہ سیزن خطے کے سب سے بڑے کلب ٹورنامنٹ میں شرکت کی اہل ہو گی۔

ادھر گزشتہ دو روز میں کلب کی ممبر شپ لینے کیلئے 13ہزار سے زائد افراد نے درخواست دی ہے جہاں اس سے قبل کلب کے نو ہزار اراکین ہیں۔

برازیل کے دیگر کلبوں نے بھی شپے کوئنز کو نئی ٹیم کی بنیاد ڈالنے کیلئے اپنے کھلاڑی دینے کی پیشکش کی ہے۔

تصاویر دیکھیں: برازیلین کھلاڑیوں کی آخری رسومات

یاد رہے کہ 1949 میں اٹلی کے چیمپیئن کلب تورینو کی ٹیم کے 18 کھلاڑی طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں دوبارہ ٹرافی جیتنے میں تین دہائیاں لگی تھیں۔

اسی طرح 1958 میں میونخ حادثے کا شکار ہونے والے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو آٹھ کھلاڑیوں کی ہلاکت کے بعد ٹائٹل جیتنے کیلئیے ایک دہائی انتظار کرنا پڑا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں