شاہ رخ، سلمان ایک ساتھ کام کیلئے راضی، مگر ...

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2016
بولی وڈ اداکار سلمان خان اور شاہ رخ خان — فوٹو بشکریہ / بولی وڈ لائف
بولی وڈ اداکار سلمان خان اور شاہ رخ خان — فوٹو بشکریہ / بولی وڈ لائف

بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور دبنگ سلمان خان کے مداح انھیں ایک ساتھ کسی فلم میں کام کرتا دیکھنے کے لیے کافی عرصے سے بے تاب ہیں، لیکن دونوں نے اس کے لیے کڑی شرائط عائد کرر کھی ہیں۔

دونوں سپراسٹارز فلم میں ایک ساتھ کام کرنے کے لیے راضی ہیں، لیکن یہ اُسی وقت ممکن ہوسکے گا، جب ایک ذہین مصنف ایک بہترین اسکرپٹ تحریر کرے اور ایک متحمل مزاج ڈائریکٹر اس کی ہدایات دے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اسٹار اسکرین ایوارڈ شو کے ایک سیگمنٹ کی میزبانی کے دوران شاہ رخ اور سلمان نے ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کے حوالے سے مثبت جواب دیا۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا، 'ایک نہ ایک دن یہ ضرور ممکن ہوگا اور کوئی ہمیں ایک ساتھ فلم میں کاسٹ کرے گا'۔

مزید پڑھیں:سلمان بھی شاہ رخ خان کے ’فین‘

دوسری جانب سلمان کا کہنا تھا، 'مجھے کسی اچھے مصنف کی ضرورت ہے، ایک ایسا ذہین رائٹر جو بہت ہی اچھی اسٹوری لکھے، تو پھر میری طرف سے ہاں ہے'۔

ساتھ ہی شاہ رخ خان نے مزید اضافہ کیا، 'اور ہمیں ایک تحمل مزاج ڈائریکٹر کی بھی ضرورت ہے'۔

جبکہ سلمان کا کہنا تھا، 'صرف تحمل مزاج نہیں بلکہ بہت زیادہ تحمل مزاج ڈائریکٹر'۔

یہ بھی پڑھیں:شاہ رخ کو بھی اچھی فلمیں ملنی چاہئیں، سلمان خان

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے ذہن میں ایسے کسی ڈائریکٹر کا نام موجود ہے، سلمان کا کہنا تھا، 'ہمارے ذہن میں نام موجود ہے، لیکن ہم ابھی نہیں بتائیں گے'۔

شاہ رخ اور سلمان کی کیمسٹری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جب شو کے دوران کنگ خان نے کہا کہ سلمان کو ہینڈسم مردوں کی فہرست میں نمبر ون پر ہونا چاہیے تو دبنگ خان نے جواب دیا، 'شاہ رخ خان آپ کا نمبر تو آدھا ہونا چاہیے جو پہلے نمبر سے بھی اوپر ہے'۔

واضح رہے کہ شاہ رخ اور سلمان نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا ہے، جن میں ’کرن ارجن‘ اور ’ہم تمھارے ہیں صنم‘ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:سلمان اور شاہ رخ کیلئے 'پی کے' کا خصوصی شو

دونوں کی دوستی میں دراڑ اُس وقت آئی جب 2009 میں کترینہ کیف کی جانب سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں سلمان اور شاہ رخ کا جھگڑا ہوا۔

اس کے بعد دونوں نے کافی عرصے تک ایک دوسرے سے تعلق نہیں رکھا تاہم اس سرد جنگ کا اختتام 2014 میں سلمان خان کی بہن ارپیتا کی شادی کے دوران ہوا۔

شاہ رخ خان نے گذشتہ برس اپنی فلم 'دل والے' کی تشہیر کے لیے سلمان خان کے رئیلٹی شو ’بگ باس 9‘ میں بھی شرکت کی تھی، جسے پورے سیزن کی سب سے کامیاب قسط قرار دیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں