آسٹریلیا نے چیپل-ہیڈلی ٹرافی حاصل کرلی

06 دسمبر 2016
ڈیوڈ وارنر نے 119 رنز کی شانداراننگز کھیل کر ٹیم کو چیپل-ہیڈلی ٹرافی واپس دلادی—فوٹو: اے ایف پی
ڈیوڈ وارنر نے 119 رنز کی شانداراننگز کھیل کر ٹیم کو چیپل-ہیڈلی ٹرافی واپس دلادی—فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو116 رنز سے شکست دے کر دوسال بعد چیپل-ہیڈلی ٹرافی جیت لی۔

آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ناکام ثابت ہوا۔

ڈیوڈ وارنر نے ارون فنچ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور سال کی چھٹی سنچری داغ کر آسٹریلیا کو ایک روزہ کرکٹ میں اپنے تیسرے بڑے مجموعے کو ترتیب دینے کےلیے مرکزی کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 68 رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے بعد گری تھی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کپتان اسٹیون اسمتھ نے وارنر کے ساتھ مل کر اسکور کو 213 رنز تک پہنچا دیا۔

ڈیوڈ وارنر آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے لیکن انھوں نے 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 119 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر ٹیم کے لیے جیت کی بنیاد رکھ دی تھی۔

ڈیوڈ وارنر نے رواں سال چھٹی سنچری بناکر رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کردیا—فوٹو: اے ایف پی
ڈیوڈ وارنر نے رواں سال چھٹی سنچری بناکر رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کردیا—فوٹو: اے ایف پی

کپتان اسمتھ نے پہلے میچ کی طرح یہاں بھی 72 رنز کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دیگر بلےبازوں نے بھی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ذمہ دارانہ بلے بازی کی۔

نوجوان بلے باز ٹریوس ہیڈ 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جن کے بارے میں کپتان اسمتھ نے پہلے میچ کے بعد کہا تھا کہ انھوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرکے ٹیم میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

مزید پڑھیں: چیپل-ہیڈلی سیریز: آسٹریلیا کی کیویز پر پہلی فتح

آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنائے جو کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں دوسرا بڑا اسکور جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی جانب سے تیسرا بڑا مجموعہ ہے۔

نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی 2 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔

مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھام نے برق رفتاری سے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے لیے 40 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن لیتھام کا حصہ صرف 4 رنز تھا جبکہ گپٹل 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنر 52 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

کین ولیمسن نے ٹیم کا بیڑا اٹھایا اور اس کو جیت کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور کوشش کی اور جیمز نیشام کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ میں 125 رنز کا اضافہ مگر 177 کے اسکور پر نیشام 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیشام کے آؤٹ ہوتے ہی کیوی بلےباز بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے اور کپتان کا ساتھ نہ دے سکے، کولن مینرو 11 اور گرینڈ ڈی ہوم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کین ولیمسن 232 کے اسکور پر 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کی جیت کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 116رنز کی بھاری شکست کے ساتھ ہی چیپل –ہیڈلی ٹرافی سے محروم ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور جیمز فلکنر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

وارنر کو سال کی چھٹی سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

چیپل-ہیڈلی سیریز کا آخری میچ 9 دسمبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں