'قیام امن کیلئے بلوچستان کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کا عزم'

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2016
نئےآرمی چیف جنرل قمر جادید باجوہ کو کوئٹہ آمد کے موقع پر صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی جارہی ہے — فوٹو: آئی ایس پی آر
نئےآرمی چیف جنرل قمر جادید باجوہ کو کوئٹہ آمد کے موقع پر صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی جارہی ہے — فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشتگردی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے فوج کو دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز میں انٹیلی جنس اداروں اور لیویز کے ساتھ کام کرنے کی ہدایات کردیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یاد گار شہداء پر حاضری دی۔

مزید پڑھیں: جنرل قمر باجوہ کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات

بعد ازاں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ کا دورہ کیا، جہاں انھیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورت حال، کمانڈ کی جانب سے آپریشنل تیاریوں اور قیام امن کے لیے صوبے میں جاری آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی، فرنٹیئر کور، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کو صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

انھوں نے صوبے میں قیام امن کیلئے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں کو سراہا اور ان کی ہر ممکن مدد پر زور دیا۔

امن کے قیام کیلئے فوج اور سول حکومت کی جانب سے متفقہ نقطہ نظر کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام کیلئے فوج صوبائی حکومت کو تمام ضروری سہولیات، لیویز کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد اور تمام دور دراز علاقوں میں جاری منصوبوں کیلئے سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

انھوں نے دہشتگردی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے فوج کو دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز میں انٹیلی جنس اداروں اور لیویز کے ساتھ کام کرنے کی ہدایات دیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل قمر باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کو صوبے میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی تعمیر کی ہدایات بھی دیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اس سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوئٹہ آمد پر سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں