مشہور محاورہ ہے کہ ’ایک انار سو بیمار‘، دِکھنے میں یاقوت جیسے سرخ اور خوبصورت، رس بھرے انار دانوں کے ذائقے کا کوئی جواب نہیں۔

کھٹے میٹھے انار کے ان جگمگاتے دانوں کا یونانی اور ایرانی کھانوں میں استعمال عام ہے، ترکی کے لوگ انار کے رس کو سلاد میں ذائقہ بڑھانے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں اور گوشت کو بھی اس کے رس میں میرینیٹ کرکے پکایا جاتا ہے۔

پاکستانی کھانوں میں کھٹاس کا عنصر نمایاں کرنے کے لیے انار کے خشک دانوں یا ’اناردانہ‘ کا استعمال بھی طویل عرصے سے جاری ہے جبکہ تازہ انار کو فروٹ چاٹ میں شامل کیا جاتا یا پھر ایسے ہی اس کا لطف اٹھایا جاتا ہے۔

لیکن مختلف ذائقہ اور کِھلتا رنگ رکھنے والا یہ پھل سال کے چند مہینے ہی دستیاب ہوتا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ کوکنگ کے شوقین افراد نے مختلف ڈشز میں انار دانے کو شامل کرنے کا کبھی نہیں سوچا۔

بیکنگ کی شوقین سحر حبیب نے اس ذائقے دار پھل کو نظرانداز نہیں کیا اور تین منفرد تراکیب میں انار کو شامل کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ وٹامن سی کے اس ذریعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہاضمے کے لیے مفید اس کے بیجوں میں موجود فائبر کو کبھی نظرانداز نہ کریں۔


کیلے اور انار کی اسموتھی

دن کا آغاز اس صحت بخش اسموتھی سے کیا جاسکتا ہے
دن کا آغاز اس صحت بخش اسموتھی سے کیا جاسکتا ہے

اجزا:

½ کپ انار کا رس

1 عدد کیلا

1 کھانے کا چمچ چینی

1 چٹکی نمک

½ کپ دہی

1 مٹھی برف

ترکیب:

تمام اجزا کو ایک ساتھ بلینڈ کریں اور پیش کریں۔

یہ اسموتھی 1 شخص کے لیے کافی ہے۔


چنے، فیٹا چیز اور انار کی سلاد

انار کا کھٹا میٹھا ذائقہ اس سلاد کو منفرد ذائقہ دیتا ہے
انار کا کھٹا میٹھا ذائقہ اس سلاد کو منفرد ذائقہ دیتا ہے

اجزا:

400 گرام چنوں کا ایک کین (دھلے اور خشک کیے ہوئے)

1 کھیرا باریک چوکور ٹکڑوں میں کٹا ہوا

2 سے 4 کھانے کے چمچ فیٹا پنیر

⅓ سے ½ کپ انار کے دانے

¼ کالی مرچ پاؤڈر

¼ خشک اوریگانو

نمک حسبِ ذائقہ

ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس

ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل

ترکیب

سرونگ ڈش میں چنوں کی تہہ بچھائیں، اس کے اوپر کھیرا، فیٹا پنیر اور انار کے دانوں کو پھیلادیں۔

کالی مرچ، نمک، اوریگانو، لیموں کا رس اور زیتون کا تیل شامل کریں اور سرو کریں۔

نوٹ: فیٹا چیز ذائقے میں نمکین ہوتی ہے اس لیے سلاد کو چکھنے کے بعد ہی اس میں نمک شامل کریں۔

یہ سلاد 2 سے 4 افراد کے لیے کافی ہے۔


چاکلیٹ اور انار بارز

چاکلیٹ اور انار کا مختلف مگر مزیدار امتزاج
چاکلیٹ اور انار کا مختلف مگر مزیدار امتزاج

اجزا:

200 گرام ڈارک چاکلیٹ

⅓ کپ انار کے دانے

ترکیب

ایک بڑی ٹرے پر فوائل یا ویکس پیپر کو بچھادیں۔

چاکلیٹ کو چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ کر ایک بڑے گلاس کے پیالے میں ڈالیں اور اس پیالے کو گرم پانی سے بھرے پین پر رکھ دیں، اس بات کا خیال رکھیں کے چاکلیٹ والا پیالہ پانی سے نہ ٹکرائے۔

جب چاکلیٹ پگھل جائے تو اسے ٹرے پر ڈال کر 6 انچ کے اسکوائر تک پھیلادیں۔

چاکلیٹ تھوڑی ٹھنڈی ہوجائے تو اس پر انار کے دانے بکھیر دیں اور ہلکا سے پریس کریں۔

ٹرے کو فریج میں ٹھنڈا ہونے رکھ دیں۔

چاکلیٹ جم جائے تو اسے ٹکڑوں میں توڑ لیں۔

یہ ترکیب 4 افراد کے لیے کافی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Known Stranger Dec 07, 2016 10:43am
Seems delicious :P