ہندوستانی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائی میں انگلینڈ اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والا سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ کا انعقاد ریاست کی وزیراعلیٰ جے للیتا کی وفات کے بعد خطرے سے دوچار ہو گیا ہے تاہم اس حوالے سے صورت حال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا گزشتہ روز مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئیں تھیں جس کے بعد ریاست کے عوام کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچی تھی اور عوام کو کنٹرول کرنے کے لیے سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی تھی۔

ہندوستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ چنائی کے ایم اے چدم بھرم اسٹیڈیم میں 16 دسمبر سے 20 دسمبر کے دوران طے ہے لیکن مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی میچ کو یہاں سے دوسری جگہ منتقل کرنے پر غور کررہا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکرٹری اجے شرکے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 'چنائی میں مایوس کن واقعہ پیش آیا ہے کہ لیکن بی سی سی آئی یہ واضح کرتا ہے کہ چنائی ٹیسٹ کو دوسری جگہ تبدیل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'صورت حال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور مقامی ایسوسی ایشن کے ذریعے لوگوں کے جذبات کے حوالے سے آگاہی حاصل کررہے ہیں'۔

خیال رہے کہ ہندستان نے انگلینڈ کو اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے 2 میں شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 8 دسمبر کو ممبئی میں شروع ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں