کیا مصباح منفرد عالمی ریکارڈ بنا سکیں گے؟

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2016
مصباح کو عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے محض 784 رنز درکار ہیں— فوٹو: اے ایف پی
مصباح کو عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے محض 784 رنز درکار ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق عمر کی 42 بہاریں دیکھ چکے ہیں اور حال ہی میں اپنے بیان کے ذریعے انہوں نے فوری طور پر ریٹائر نہ ہونے کا عندیہ دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح سے درخواست کی تھی کہ وہ 2018 تک ٹیم کی قیادت جاری رکھیں جس پر مصباح نے کہا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ پی سی بی نہیں بلکہ وہ خود کریں گے۔

'یہ ضروری نہیں ہے کہ میں کسی سیریز کو آخری قرار دوں لیکن میں یہ فیصلہ کسی بھی وقت یہاں تک کہ الوداعی تقریب کے بغیر بھی کرسکتا ہوں کیونکہ مجھے اپنی ریٹائرمنٹ کے منصوبے کا ڈھول پیٹ کر ایک بڑا مسئلہ نہیں بنانا ہے'۔

مزید پڑھیں: ریٹائرمنٹ کا اعلان پہلے کرنا ضروری نہیں:مصباح

تاہم اگر مصباح الحق کچھ عرصہ اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں تو وہ ایک منفرد عالمی ریکارڈ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنی 40ویں سالگرہ کے بعد سے اب تک مصباح ٹیسٹ میں 1657 رنز اسکور کر چکے ہیں اور انہیں 40 سال کی عمر کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والا بلے باز بننے کیلئے مزید 784 رنز درکار ہیں۔

40 سال کی عمر کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز انگلینڈ کے جیک ہوبس ہیں جنہوں نے 1922 میں عمر کی 40 بہاریں دیکھنے کے بعد دو ہزار 440 رنز بنائے جبکہ پیٹ ہینڈرین 1929 میں 40 سال کے ہوئے اور اس کے بعد ایک ہزار929 رنز اسکور کیے۔

مصابح الحق ایک ہزار 657 رنز بنا کر اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں عمدہ کھیل پیش کر کے وہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عروج، زوال پھر عروج، مصباح کی کہانی

مصباح الحق نے 40 سال کی عمر کے بعد پانچ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کیں اور اس عمر میں ان سے زیادہ آٹھ سنچریاں اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی جیک ہوبس کے پاس ہے۔

واضح رہے کہ مصباح الحق ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں 40 سال کی عمر کے بعد سب سے زیادہ 595 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں