ایک سگریٹ روزانہ بھی جان لیوا ہوسکتی ہے

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2016
.— کریٹیو کامنز فوٹو
.— کریٹیو کامنز فوٹو

اگر آپ کا خیال ہے کہ دن میں ایک سگریٹ صحت کو نقصان نہیں پہنچاتی تو اس پر نظرثانی کرلیں کیونکہ اس کے نتیجے میں بھی جلد موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کی تحقیق کے مطابق روزانہ محض ایک سگریٹ پینے کے نتیجے میں بھی پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران روزانہ ایک سیگریٹ پینے والوں اور تمباکو نوشی سے دور رہنے والوں کے درمیان موازنہ کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ بہت کم تمباکو نوشی کرتے ہیں، ان میں بھی قبل از وقت موت کا خطرہ اس عادت سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں 64 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ روزانہ ایک سے دس سگریٹ پینے والے افراد میں جلد موت کا خطرہ 87 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ کم از کم سگریٹ نوشی بھی پھیپھڑوں کے کینسر سے موت کا خطرہ 9 گنا تک بڑھا دیتی ہے جبکہ ایک سے دس سگریٹس پینے والوں میں یہ خطرہ 12 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

یہ پہلی بار ہے کہ انتہائی کم شرح میں کی جانے والی تمباکو نوشی کے صحت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا کیونکہ متعدد افراد کا ماننا ہے کہ کم تمباکو نوشی صحت پر اثرات مرتب نہیں کرتی۔

(یہ تحقیق طبی جریدے جاما انٹرنل میڈیسن میں شائع ہوئی)

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں