انڈونیشیا میں زلزلہ، 97 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2016
لوگ زلزلے کے نتیجے میں تباہ ہونے والی ایک عمارت کے باہر جمع ہیں—۔فوٹو/ رائٹرز
لوگ زلزلے کے نتیجے میں تباہ ہونے والی ایک عمارت کے باہر جمع ہیں—۔فوٹو/ رائٹرز

آچے: انڈونیشیا کے صوبے آچے میں زلزلے کے نتیجے میں 97 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب آنے والے زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 17 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز صوبہ آچے کے شمال میں واقع قصبہ ریولیوٹ تھا۔

ایک بچی زلزلے سے متاثر ہونے والی مسجد کے قریب سے گزر رہی ہے—۔فوٹو/ اے ایف پی
ایک بچی زلزلے سے متاثر ہونے والی مسجد کے قریب سے گزر رہی ہے—۔فوٹو/ اے ایف پی

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زلزلے کے باعث لوگ گھبرا کر عمارتوں سے باہر نکل آئے، زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں گرگئیں، جس کے ملبے تلے دب کر 97 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

صوبہ آچے کے ملٹری چیف تاتانگ سلیمان نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے 97 ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

اس سے قبل نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان سوتوپو پروو نگروپو نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

دوسری جانب انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات اور جیوفزکس ایجنسی کا کہنا تھا کہ زلزلے کے نتیجے میں سونامی کا خطرہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: جب زلزلہ آئے تو کیا کرنا چاہیے؟

زلزلے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور عمارتوں کے ملبے تلے موجود لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کردیا گیا۔

زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ضلع پیدی جایا کے چیف ایوب عباس نے بتایا کہ تباہ شدہ عمارتوں کے بھاری ملبے کو ہٹانے اور ایمرجنسی سپلائی فراہم کرنے کے لیے آلات اور مشینری کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا میں 7.9 شدت کا زلزلہ

انڈونیشیا ایک ایسے خط میں واقع ہے، جہاں زیرِزمین پلیٹس آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں، جس کے باعث زلزلے اور آتش فشاں پھٹنے جیسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

2004ء میں انڈونیشیا کے مغربی جزیرے سماٹرا کے قریب آنے والے ایک زلزلے کے بعد سونامی کی وجہ سے تقریباً 170,000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں:انڈونیشیا میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

2013 میں بھی انڈونیشیا میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

نومبر 2014 میں انڈونیشیا کے مشرقی جزیرے مالوکو میں 7.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں