اسلام آباد: اقوام متحدہ کا دفتر برائے پروجیکٹ سپورٹ (یو این او پی ایس) صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ ٹرانسپورٹ اور یو این خواتین کے اشتراک سے صوبے کے مخصوص اضلاع میں خواتین کے لیے ’بس سروس‘ کا آغاز کرے گا۔

اس بس سروس کے لیے مالی تعاون جاپانی حکومت فراہم کرے گی۔

منصوبے کے تحت پشاور، مردان اور ایبٹ آباد میں خواتین کے لیے مخصوص 14 بسیں چلائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں میٹرو بس سروس کا افتتاح

جاپانی سفارتخانے اور یو این او پی ایس کے پاکستان کے دفتر نے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر تَکاشی کُورائی کا کہنا تھا کہ جاپان خواتین کی حمایت کرتا ہے، جبکہ خواتین کو بااختیار بنانا جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کی اولین ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا کراچی کیلئے میٹرو بس سروس کا اعلان

انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے سفر کا محفوظ اور سستا ذریعہ فراہم کرکے یہ منصوبہ سماجی و معاشی خود مختاری کے لیے تعاون فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے خیبر پختونخوا کی خواتین کو اپنے کام کی جگہ اور اداروں میں ہراساں کیے جانے کے ڈر کے بغیر پہنچنے میں مدد ملے گی۔


یہ خبر 8 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں