پی سی بی کی ویسٹ انڈیز کو دورے کی دعوت

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2017
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان دو ٹی ٹوئنٹی میچز فلوریڈا میں کھیلنے کو تیار ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان دو ٹی ٹوئنٹی میچز فلوریڈا میں کھیلنے کو تیار ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کی دعوت دے دی ہے۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ 'ہم نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو رواں سال 11 مارچ سے 15 مارچ تک پاکستان میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی تجویز دی ہے جس کے لیے ہم ان سے رابطے میں ہیں'۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 'ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے رواں سال پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کے دو ٹی ٹوئنٹی میچزامریکی ریاست فلوریڈا میں کھیلنے کی دعوت دی ہے جس کے جواب میں ہم نے پاکستان میں دو میچ کھیلنے کی شرط رکھی ہے'۔

ان کا کہنا تھا اگر ویسٹ انڈیز پاکستان کےدورے کے لیے رضامند ہوتا ہے تو ہم بھی ان کی درخواست کے مطابق رواں سال مارچ کے آخر میں دو ٹی ٹوئنٹی میچ فلوریڈا میں کھیلیں گے۔

ویسٹ انڈیز کی دعوت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'پی سی بی نے انھیں کہا ہے کہ ہم امریکا میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے تیار ہیں لیکن اس سے پہلے انھیں پاکستان آنا ہوگا'۔

مزید پڑھیں: پی سی بی کابی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کااعلان

پی ایس ایل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن کو پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں لیکن 'ہم ان کے ساتھ رابطے میں ہیں انھیں منانے کی کوشش کرررہے ہیں'۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلنے کا اعلان کیا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ 'پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا جس کے چند دنوں بعد پاکستان کے دورے سے انکار کی کوئی وجہ نہیں بنتی ہے'۔

پی ایس ایل کا انعقاد فروری میں متحدہ عرب امارات میں ہوگا جبکہ فائنل 7 مارچ کو لاہور میں رکھا کیا گیا ہے۔

جائلز کلارک، پاکستان آئیں گے

نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کے معاملے پر بنائی ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک بہت جلد لاہور آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کلارک، پی سی بی کے مہمان کے طورپر جنوری میں پاکستان آئیں گے اور ہم سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کا انتظام کریں گے جو پاکستان اور لاہور کے امن وامان کے حوالے سے آگاہ کریں گے'۔

سیٹھی کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کی درخواست پر خصوصی فنڈ کے اجرا کے اشارے ملے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں