سری لنکا کو جیت کیلئے 377 رنز درکار

04 جنوری 2017
سری لنکا نے تیسرے روز کے اختتام پر 4 وکٹیں کھو کر 130 رنز بنالیے—فوٹو: اے پی
سری لنکا نے تیسرے روز کے اختتام پر 4 وکٹیں کھو کر 130 رنز بنالیے—فوٹو: اے پی

سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 507 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیسرے روز 4 وکٹوں پر 130 رنز بنا لیے اور جیت کے لیے مزید 377 رنز درکار ہیں۔

کیپ ٹاؤن میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا کر 507 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرنے کے بعد اننگز کو ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔

جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلےباز ہاشم آملا ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے جبکہ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے ڈین ایلگر نے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے۔

کپتان فیف ڈیوپلیسی نے 41 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل نے دوسری اننگز میں بھی اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کرلیں۔

مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری

507 رنز کے ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے بلے باز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام ہوئے اور پہلی وکٹ 11 رنز پر کرونارتنے کی صورت میں گری جب وہ صرف 6 رنز بنا کر فلینڈر کا نشانہ بنے۔

کوسل مینڈس 25 کے اسکور پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کوسل سلوا 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کی تین وکٹیں 66 رنز پر گرچکی تھیں جس کے فوری بعد دھنانجایا ڈی سلوا بھی 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان میتھیوز اور دنیش چندی مل نے 69 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد اننگز کو آگے بڑھانے کا آغاز کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔

تیسرے روز کے کااختتام پر سری لنکا نے 4 وکٹوں پر 130 رنز بنائے تھے تاہم انھیں مزید 377 رنز کا پہاڑ عبور کرنا ہے۔

میتھیوز 29 اور چندی مل 28 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں