دبئی:خلیجی ملک عمان سے دبئی جانے والے مسافر طیارے میں سانپ گھس جانے کی وجہ سے پرواز کو منسوخ کردیا گیا۔

مسقط سے دبئی کے لیے روانہ ہونے کے لیے تیار امارات ایئرلائنز کے مسافر طیارے ای کے 0863 میں کارگو کا سامان رکھنے والے عملے نے سانپ کو جہاز میں دیکھا ، جس کے بعد پرواز کو منسوخ کردیا گیا۔

ایئرلائن کمپنی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جہاز میں مسافروں کے سوار ہونے سے قبل سانب کو دیکھا گیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کئی گھنٹوں تک جہاز کی تلاشی لی گئی، جس کے بعد پرواز کو کلیئر قرار دے کر اپنی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سانپ کو تصویر میں ڈھونڈیں

ایئرلائن نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ سانپ جہاز کے کس حصے میں گھس گیا تھا اور یہ کتنا زہریلا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں میکسیکو میں اندرون ملک سفر کرنے والی ایک پرواز میں بھی طیارے کے اندر سیٹ کے اوپر سامان رکھنے والے حصے سے اچانک سانپ نکل آیا تھا، جس سے مسافر ڈر گئے تھے۔

اس سے پہلے 2013 میں آسٹریلیا سے پاپوا نیو گنی جانے والی ایک پرواز میں بھی سانپ کو دیکھا گیا تھا جب کہ 2012 میں اسکاٹ لینڈ سے میکسیکو جانے والی ایک پرواز میں بھی سانپ دیکھا گیا تھا۔

مسافر طیاروں میں سانپوں کے نکلنے اور چلتی پروازوں میں سانپوں کی جانب سے مسافروں کو کاٹ کر ہلاک کرنے کے موضوع پر 2006 میں ہالی ووڈ کی تھرلر فلم’اسنیک آن دی پلین‘ بھی بنائی جاچکی ہے۔


تبصرے (0) بند ہیں