بولی وڈ میں پابندی: فواد خان فلم فئیر ایوارڈز میں نامزد

10 جنوری 2017
فواد خان نے فلم 'کپور اینڈ سنز' کے لیے نامزدگی حاصل کی — فوٹو/ فائل
فواد خان نے فلم 'کپور اینڈ سنز' کے لیے نامزدگی حاصل کی — فوٹو/ فائل

پاکستانی اداکار فواد خان کو ہندوستان کے کئی نامور ایوارڈ شوز میں نظر انداز کرنے کے بعد آخر کار 62ویں جیو فلم فئیر ایوارڈز 2017 میں ایک ایوارڈ کے لیے نامزد کرلیا گیا ہے۔

اب تک بولی وڈ میں اسکرین ایوارڈز، گولڈن روز ایوارڈز اور اسٹارڈسٹ ایوارڈز کی تقریبات منعقد کی جاچکی ہیں، تاہم ان میں سے ایک میں بھی فواد خان کو کسی ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال فواد خان نے بولی وڈ کی دو کامیاب فلموں میں بہترین اداکاری سے تمام تر توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی تھی، ان فلموں میں 'کپور اینڈ سنز' اور 'اے دل ہے مشکل' شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی پروڈیوسرز نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی

تاہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث نہ صرف فواد خان اور دیگر پاکستانی فنکاروں پر ہندوستان میں کام کرنے کی پابندی عائد کی گئی بلکہ فواد خان کو اپنے محنت کے لیے کسی ایوارڈ شو میں نامزد بھی نہیں کیا گیا۔

فلم فئیر ایوارڈز نے نامزدگیوں کی فہرست اپنی ویب سائٹ ریلیز کردی ہے، اور اس کے مطابق فواد خان کو اپنی فلم 'کپور اینڈ سنز' کے لیے بہترین معاون اداکار کے طور پر نامزد کیا گیا۔

خیال رہے کہ فلم 'کپور اینڈ سنز' میں بولی وڈ کے نامور اداکار رشی کپور، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے اہم کردار ادا کیے، تاہم وہ فواد خان کا پیچیدہ کردار تھا جس نے شائقین کو سب سے زیادہ متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد فلم فیئر ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی

اس فلم میں فواد خان نے ہم جنس پرست کا کردار ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ فواد خان وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 2015 میں ان کی ڈیبیو بولی وڈ فلم 'خوبصورت‘ کے لیے فلم فئیر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان میں پابندی کے باوجود بھی فواد خان کے علاوہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم، راحت فتح علی خان اور گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کو بھی فلم فئیر ایوارڈز کی نامزدگیاں ملی ہیں۔

امید ہے کہ پاکستان کے کامیاب اسٹارز ہندوستان کےنامور ایوارڈز فلم فئیر کی تقریب میں فتح یاب ہوسکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں