لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا سے شکست کے ذمہ دار بلے باز نہیں بلکہ باؤلرز ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ انہیں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی رپورٹ موصول ہوئی، جس میں انھوں نے شکست کا ذمہ بار باؤلرز کو ٹھہرایا ہے۔

شہریار خان کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ باؤلرز سے جس کارکردگی کی توقع تھی وہ اس پر پورا نہیں اترے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو آسٹریلیا میں لگاتار چوتھا وائٹ واش

پی سی بی چیئرمین کے مطابق مکی آرتھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نئے کھلاڑیوں کو تلاش کریں گے، جب کہ وہ پی ایس ایل کی تمام میچوں کی بھی نگرانی کریں گے اور وہاں سے بھی کھلاڑیوں کو تلاش کیا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا دورہ

شہریار خان نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کی سیکیورٹی ٹیم نے دورہ پاکستان کی ابھی تک حتمی منظوری نہیں دی، ان کی سیکیورٹی ٹیم انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان آئے گی۔

چیئرمین شہریار خان نے مزید بتایا کہ سلمان بٹ کی حالیہ بہتر کارکردگی کے بعد سلیکشن کمیٹی نے انہیں منتخب کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے لیے پلیئرز ایسوسی ایشن سے بات کی جائے گی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی چیئرمین نے اپنی گفتگو کے دوران بلے بازوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم انہوں نے اظہر علی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا میں پاکستان کی فتوحات کی تاریخ

شہریارخان کا کہنا تھا کہ انہوں نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو یقین دلایا ہے کہ وہ ٹیم کی بہتری کے لیے جو کچھ کرنا چاہتے ہیں کریں، بورڈ ان کا ساتھ دے گا۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ نے مزید بتایا کہ دورہ آسٹریلیا سے واپسی کے بعد کوچ مکی آرتھر 25 رکنی تربیتی کیمپ کا بھی انعقاد کریں گے، جس میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے گا۔

خیال رہے کہ 3 دن قبل ہی آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 220 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کردیا تھا۔

پاکستان کا آسٹریلیا کے خلاف یہ مسلسل چوتھا وائٹ واش تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں