والدہ کی علالت کے باعث سرفرازاحمد کی وطن واپسی

10 جنوری 2017
سرفرازاحمد پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سرفرازاحمد پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر سرفرازاحمد اپنی والدہ کی علالت کے باعث کراچی واپس آرہے ہیں۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا ڈائریکٹر امجد حسین نے کہا کہ سرفراز کی والدہ شدید علیل ہیں اس لیے وہ پہلی دستیاب فلائٹ کے ذریعے واپس آرہے ہیں۔

آسٹریلیا میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ایک روزہ سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل یہ دوسرا دھچکا ہے جب ایک اہم کھلاڑی کو واپس ملک آنا پڑا ہے۔

قبل ازیں فاسٹ باؤلر محمد عرفان اپنی والدہ کے انتقال پر واپس آئے تھے اور ان کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: عرفان کی وطن واپسی، جنید اسکواڈ میں شامل

پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد حفیظ آج پہنچ جائیں گے جبکہ جنید خان کل آسٹریلیا پہنچ ٹیم میں شال ہوجائیں گے۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر پی سی بی نے سولھویں کھلاڑی کے طور پر آسٹریلیا بھیجنے کی منظوری دی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز13 جنوری کو ہوگا اور سیریز میں 5 ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:’آسٹریلیا سے شکست کے ذمہ دار باؤلرز قرار‘

واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں قومی ٹیم کے باؤلرز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔

پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کپتان مصباح الحق نے بھی شکست کی بڑی وجہ باؤلنگ کو قرار دیا تھا۔

شہریار خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا سے شکست کے ذمہ دار بلے باز نہیں بلکہ باؤلرز ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں