بابراعظم کی آسٹریلیا الیون کے خلاف بہترین بلےبازی

10 جنوری 2017
بابراعظم نے آسٹریلیا الیون کے خلاف 98 رنز بنا ئے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
بابراعظم نے آسٹریلیا الیون کے خلاف 98 رنز بنا ئے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے واحد وارم اپ میچ میں بابراعظم اور شرجیل خان کی شاندار بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا الیون کو 196 رنز سے شکست دے دی۔

برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

پاکستان نے اسد شفیق کو شرجیل خان کے ساتھ اننگز کے آغاز کے لیے بھیجا لیکن یہ تجربہ اس وقت ناکام ہوا جب اسد شفیق صرف 4 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر ہنری تھورنٹن کا نشانہ بنے۔

شرجیل خان اور بابراعظم نے دوسری وکٹ میں بررفتاری سے بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 95 رنز تک پہنچادیا۔

شرجیل خان نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 39 گیندوں پر 62 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔

بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے شعیب ملک آئے اور وہ 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل 54 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل وارم اپ میچ میں 98 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر اپنے عزائم ظاہر کردیے ہیں۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے۔

محمد رضوان 22 اور اظہرعلی ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا الیون مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستانی باؤلنگ کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوئی۔

حسن علی اور عماد وسیم نے پاکستان کو شروع میں ہی کامیابی دلادی جبکہ شعیب ملک اور دیگر باؤلرز نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جیسن سانگا واحد بلے باز تھے جنھوں نے 70 رنز بنائے جبکہ 8 بلے باز دہرے ہندسے کو عبور کرنے میں ناکام رہے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 37 ویں اوور میں صرف 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی 3 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب باؤلر رہے جبکہ عماد وسیم اور شعیب ملک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 13 جنوری کو ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں