ہولی وڈ کی مقبول فلم سیریز 'اسٹار وارز' کے فلم ساز جارج لیوکس نے اپنی فلم کے شاندار میوزیم کو لاس اینجلس میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس شاندار میوزیم کی مالیت ایک بلین یعنی ایک ارب پاکستانی روپے ہے۔

لاس اینجلس کے میئر ایرک گارچیٹی کے مطابق جارج لیوکس کے بہترین فن کا حامل یہ میوزیم لاس اینجلس کے علاقے ڈاؤن ٹاؤن میں واقع ایکسپوزیشن پارک میں تعمیر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس میوزیم کے لیے لاس اینجلس سب سے بہترین جگہ ہے، کیوں کہ یہاں بڑی تعداد میں شائقین اس کا دورہ کرسکتے ہیں۔

اس میوزیم کو پہلے شکاگو میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم جارج لیوکس کو اس دوران جگہ کے حوالے سے چند مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ایرک گارچیٹی نے ان سے اسے لاس اینجلس میں تعمیرکرنے کے لیے رابطہ کیا۔

اس میوزیم میں جارج لیوکس کی بنائی گئی پینٹنگز اور 1977 سے شروع ہونے والی کامیاب فلم سیریز 'اسٹار وارز' کا ڈیجیٹل آرٹ پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ جارج لیوکس نے اپنی فلم سیریز 'اسٹار وارز' کو 2012 میں 4 ارب ڈالرز میں والٹ ڈزنی کو فروخت کردیا تھا۔

جس کے بعد ڈزنی نے اس سیریز کی مزید 6 فلمیں ناظرین کے لیے بنائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں