ڈان نے اپنے اردو قارئین کیلئے ہر تاریخ کورونما ہونے والے اہم واقعات(خصوصاً) کی فہرست پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں 11جنوری کو پیش آنے والے چند اہم واقعات پیش خدمت ہے۔

11 جنوری 1973: دیوار آہن راہول ڈراوڈ کا یوم پیدائش ہے۔ بیٹنگ کے بے شمار اعزازت ان کے نام سے منسوب ہیں۔ بلے باز تو انڈیا نے ہمیشہ ہی بہت اچھے پیدا کیے لیکن راہول ڈراوڈ ایک انتہائی نفیس انسان بھی تھے اوریہی چیز انہیں دوسروں سے بہت ممتاز بناتی تھی۔ اپنے بہترین دفاع کے سبب وہ دنیا کے تمام بڑے باؤلرز کیلئے وبال جان بنے رہے اور کئی مقامات پر اپنی عمدہ باریوں سے ہندوستان کو فتوحات سے ہمکنار کرایا اور اپنے بہترین دفاع کی بدولت انہیں 'دی وال' کے خطاب سے نوازا گیا۔

ان کی فٹنس کمال تھی جس کی بدولت انہوں نے انڈیا کے لئے مسلسل 93 ٹیسٹ میچز کھیلے جو کہ سنیل گاوسکر (106 میچز) کے بعد انڈیا کے لیے مسلسل میچز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ان کے نام کے ساتھ ایک اور بہت دلچسپ ریکارڈ جڑا ہے۔ وہ انڈیا کے واحد بلے باز ہیں جو اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے لاور ارڈز کے مقام پر ان کا اور گنگولی کا پہلا ٹیسٹ میچ تھا جس میں گنگولی نے 131 رنز بنائے تھے جبکہ ڈریوڈ 95 رنز بنا سکے تھے۔

عظیم ہندوستانی بلے باز راہول ڈراوڈ— فوٹو: اے پی
عظیم ہندوستانی بلے باز راہول ڈراوڈ— فوٹو: اے پی

پاکستان کے 3 بلے باز اس صدمے کا شکار ہوچکے ہیں جن میں عاصم کمال 99، تسلیم عارف 90 اور عبدالقادر (وکٹ کیپر) 95 رنز شامل ہیں۔ خالد عبادااللہ کا بھی وہ پہلا میچ (پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا 1964) تھا جس میں انہوں نے 166 رنز بنائے تھے۔

یہ اس وقت اپنی پہلی اننگز میں سب سے زیادہ رنز کا پاکستانی ریکارڈ تھا جو 2003 میں یاسر حمید نے بنگلہ دیش کے خلاف توڑا، وکٹ کیپر قادر 95 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے تھے۔

11 جنوری 1959: حنیف محمد 499 رنز پر رن آوٹ ہوگئے تھے۔ اس وقت یہ فرسٹ کلاس کی سب سے بڑی اننگز کا ورلڈ ریکارڈ تھا۔ انہوں نے اس اننگز میں عظیم ڈان بریڈمین کا 452 رنز ناٹ آوٹ کا ریکارڈ توڑا تھا۔ ڈان بریڈمین نے 1929 میں یہ اننگز کھیلی تھی۔ حنیف محمد نے اس اننگز میں 64 چوکے لگائے تھے جوکہ آج بھی کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکوں کا ریکارڈ ہے۔ 1994 میں لارا نے 501 ناٹ آوٹ بنا کر سب سے بڑی اننگز کا اعزاز اپنے نام کرلیا تھا۔

11 جنوری 1994: حیدرآباد دکن نے آندھرا پردیش کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 944 رنز بنا ڈالے تھے۔ یہ انڈین فرسٹ کلاس کا سب سے بڑا ٹیم ٹوٹل ہے۔

11 جنوری 1998: ٹیسٹ کے سب سے کامیاب باؤلر مرلی دھرن نے پہلی دفعہ 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ یہ ان کا 35 واں میچ تھا۔ ٹوٹل 133 میچوں میں انہوں نے 22 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ یہ کتنا بڑا کارنامہ ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود شین وارن یہ کارنامہ صرف 10 بار انجام دے پائے۔

کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب باؤلر مرلی دھرن— فوٹو: اے ایف پی
کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب باؤلر مرلی دھرن— فوٹو: اے ایف پی

پہلے 35 میچز میں مرلی دھرن کی باولنگ اوسط 29.4 اور اسٹرائیک ریٹ (فی وکٹ گیندیں) 69 تھا جبکہ کیریئر کے اختتام پر ان کی اوسط 22.7 ہوگئی اور یہ ساٹرائیک ریٹ 55 تک آگیا سو مرلی کے کیرئیر کا یہ ٹرننگ پوائنٹ کہا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی طرف سے عمران خان سب سے زیادہ 6 بار ایک ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

11 جنوری 1973: سڈنی میں صرف 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 83 رنز پر تین کھلاڑی آوٹ تھے کہ اچانک وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور103 رنز پر پوری ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی اور آسٹریلیا نے پاکستان کو 3-0 سے وائٹ واش کردیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کیا ہو۔

11 جنوری 1759: امریکا کی پہلی انشورنس کمپنی کا آغاز ہوا تھا۔

11 جنوری 1922: کسی شوگر کے مریض کے لئے انسولین کا پہلی دفعہ استعمال ہوا تھا۔ انسولین جان میکلیوڈ چارلس بیسٹ اور فریڈرک بینٹنگ کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں دریافت ہوئی۔ اس کا استعمال ایک 14 سالہ لڑکے لیونارڈ تھامپسن پر کیا گیا تھا جو کہ ٹورنٹو جنرل ہسپتال میں شوگر کے مرض کی وجہ سے مرنے کے قریب تھا تاہم یہ تجربہ کامیاب ثابت نہیں ہوا۔ لڑکے کو الرجی ہوگئی اور علاج روکنا پڑا کیونکہ انجیکٹ کردہ انسولین زیادہ بہترکشیدہ نہیں تھی۔

اگلے بارہ دن پروفیسر میکلیوڈ نے محنت کرکے زیادہ اچھی کشیدگی کی اور 23 جنوری کو دوسری ڈوز دی گئی جو کہ انتہائی کامیاب ثابت ہوئی۔

11 جنوری 1987: انگلش فٹبالر جیمی وارڈی کا یوم پیدائش ہے۔ 16-2015 کے سیزن میں ایک غیر معروف کلب لیسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ جیت کر دنیائے فٹبال کا سب سے حیران کردینے والا معرکہ انجام دیا۔ اس کے ہیرو جیمی وارڈی تھے جنہوں نے اس سیزن ہیری کین (25 گولز) کے بعد سب سے زیادہ 24 گول سکور کیے تھے۔

جیمی وارڈی
جیمی وارڈی

انہیں پریمئیر لیگ پلیئر آف دی سیزن کا ایوارڈ ملا اور اس سیزن انہوں نے مسلسل 11 میچز میں گول اسکور کیا جو کہ پریمیئر لیگ کا آل ٹائم ریکارڈ ہے۔ وہ 2016 کے فٹبالر آف دی ایئر ایوارڈ کے حقدار بھی قرار پائے جو کہ انگلش فٹبال کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے جبکہ وہ سال کے سب سے بڑے ایوارڈ 'بیلن ڈی اور' کیلئے بھی نامزد ہوئے تھے۔

11 جنوری 1966: ہندوستان کے دوسرے وزیراعظم لال بہادر شاستری کا یوم وفات ہے۔ وہ تاشقند معاہدے کے لئے تاشقند میں موجود تھے معاہدے کا اعلامیہ جاری ہونے کے اگلے دن ہی ان کی موت ہوگئی جس کا سبب ہارٹ اٹیک قرار دیا گیا لیکن یہ موت آج بھی شکوک کی زد میں ہے بہت سوں کے نزدیک یہ سی آئی اے کا پلانڈ مرڈر تھا۔

11 جنوری 1978: انگلینڈ کے لئے 67 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے فٹبالر ایمل ہیسکی کا یوم پیدائش ہے۔ وہ لیورپول کے لئے بھی کھیلتے رہے ہیں 2001 میں ایف اے کپ جیتنے والی لیورپول ٹیم کا بھی وہ حصہ تھے۔

11 جنوری 1991: اٹلی اور اے سی میلان کے مڈفیلڈر آندرے برٹولاچی کا یوم پیدائش ہے۔ 23 دسمبر 2016 کو سپر کوپا اٹالیانا جیتنے والی میلان ٹیم کا وہ بھی حصہ تھے۔

اطالوی فٹبالر آندرے برٹولاچی— فوٹو: رائٹرز
اطالوی فٹبالر آندرے برٹولاچی— فوٹو: رائٹرز

11 جنوری 1941: مشہور ریسلر عبداللہ دی بچر کا یوم پیدائش ہے۔ 2011 میں ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ نے انہیں ہال آف فیم کا حصہ بنایا ہے۔ وہ ورلڈ ریسلنگ کونسل کے زیراہتمام ہونے والے مقابلوں میں پانچ مرتبہ یونیورسل ورلڈ ہیوی ویٹ چمپئین رہے۔

11 جنوری 1842: پروفیسر ولیم جیمز کا یوم پیدائش ہے۔ امریکا کا سائیکالوجی کا نصاب انہوں نے بنایا اور فنکشنل سائیکالوجی کی بنیاد رکھنے والوں میں ان کا نام سرفہرست ہے.

11 جنوری 1972: مشرقی پاکستان کو باقاعدہ بنگلہ دیش کا نام دیا گیا۔ ابو سید چوہدری صدر اور شیخ مجیب الرحمان وزیر اعظم بنے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں