کھلاڑیوں کو لاہور جانے سے منع نہیں کیا:فیکا

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2017
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 میں پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن جیتا تھا—فائل/فوٹو
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 میں پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن جیتا تھا—فائل/فوٹو

فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرزایسویسی ایشن (فیکا) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سخت تنقید پر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت سے منع نہیں کیا گیا۔

پی سی بی نے گزشتہ روز اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ فیکا نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے حوالے سے سیکیورٹی کے معاملات کو مخدوش قرار دے کر کرکٹ اور بالخصوص پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچایا ہے۔

فیکا نے اپنے تازہ بیان میں وضاحت کرتے ہوئے اس سیکیورٹی ایجنسی کا نام ظاہر کردیا جس نے انھیں معلومات پہنچائی تھیں۔

فیکا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے جاری بیان کو ایک معتبر سیکیورٹی ماہرین ایسٹرن اسٹار انٹرنیشنل (ای ایس آئی) کی رپورٹ کی روشنی میں جاری کیا گیا تھا جو کھلاڑیوں اور ٹیموں کو تمام معاملات سے مکمل طورپر آگاہ کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ای ایس آئی نے کئی سالوں سے کئی کرکٹ بورڈز، دنیا کی مختلف ٹیموں اور آئی سی سی کو سیکیورٹی معاملات پر اپنی خدمات پہنچائی ہیں'۔

مزید پڑھیں:پی سی بی نے 'مخدوش سیکیورٹی' کے بیان کو مسترد کردیا

ان کا کہنا ہے کہ فیکا نے پی ایس ایل فائنل میں سیکیورٹی کے حوالے سے ای ایس آئی سے مشور لیا اور فیکا کے قواعد کے مطابق کھلاڑیوں ان کے ایجنٹس کو لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں کھیلنے سے منع نہیں کیا تھا لیکن کھلاڑیوں کو معلومات دی گئیں تھیں تاکہ وہ اپنے طورپر اقدامات کریں۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھی فیکا کی رپورٹ کو مسترد کیا تھا۔

فیکا کے ایگزیکٹیو چیئرمین ٹونی آئرش نے کہا کہ 'دنیا کے مختلف ممالک کے کھلاڑی جو منسلک ہیں وہ دنیا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے معلومات کے لیے فیکا کی طرف دیکھتے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیزبورڈ کا ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر غور

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ہماری ذمہ داری کہ ہمیں ایک معتبر سیکیورٹی ماہرین سے جو رپورٹ ملی ہے اس سے آگاہ کریں تاکہ کھلاڑی معلومات کی بنیاد پر فیصلہ کرسکیں'۔

ٹونی آئرش نے کہا کہ 'ہمیں پاکستانی کھلاڑیوں اور مداحوں سے بہت ہمدردی ہے جو اپنے ملک میں عالمی ٹیموں اور معیاری غیرملکی کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلتا دیکھنے سے مسلسل کئی برسوں سے قاصر ہیں'۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کی تصدیق

انھوں نے کہا کہ 'فیکا کا اس معاملے پر کوئی وسیع مفاد نہیں ہے اور پی ایس ایل مکمل طورپر آزاد ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ پی ایس ایل کھلاڑیوں کے لیے ایک اچھا موقع ہے اور ہم اس کو میاب دیکھنا چاہتے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی سیکیورٹی ہمیشہ فیکا کی ترجیح رہے گی'۔

پی ایس ایل کا آغاز9 فروری کو دبئی میں ہوگا جہاں پہلے روز افتتاحی میچ دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا میچ لاہور قلندرز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا۔

پی ایس ایل کا فائنل 7 مارچ کو کھیلا جائے گا، لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں فائنل کے انتظامات ہوگئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں