ہاشم آملا نے اپنا 100 واں ٹیسٹ سنچری سے یادگار بنالیا

اپ ڈیٹ 13 جنوری 2017
جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ 100 ویں ٹیسٹ میں سنچری کرنے والے دنیا کے آٹھویں کھلاڑی بن گئے— فوٹو / رائٹرز
جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ 100 ویں ٹیسٹ میں سنچری کرنے والے دنیا کے آٹھویں کھلاڑی بن گئے— فوٹو / رائٹرز

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین ہاشم آملا نے اپنے 100 ویں ٹیسٹ میچ کو شاندار سنچری سے یاد گار بنادیا۔

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ جوہانسبرگ میں جاری ہے جہاں جمعرات کو پہلے دن کا کھیل ہوا۔

جنوبی افریقہ کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم صرف 45 کے مجموعے پر دونوں اوپنر پویلین لوٹ چکے تھے۔

اسٹیفن کک 10 جبکہ ڈین ایلگر 27 رنز بناسکے تھے، اس کے بعد ہاشم آملا کریز پر آئے، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ میچ ہے۔

اس میچ سے قبل ہاشم آملا اپنی گزشتہ 10 اننگز میں 50 رنز بھی اسکور نہیں کرسکے تھے لہٰذا ان پر فارم میں نہ ہونے کا بھی دباؤ تھا تاہم انہوں نے اپنی کلاس ایک بار پھر ثابت کرتے ہوئے اپنے 100 ویں میچ کو سنچری سے یاد گار بنالیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ہاشم آملا 100 ویں ٹیسٹ میچ میں سنچری کرنے والے دنیا کے آٹھویں کھلاڑی بھی بن گئے۔

اس سے قبل انگلینڈ کے میک کاؤڈری، پاکستان کے جاوید میانداد، ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج ، انگلینڈ کے ایلک اسٹیورٹ، پاکستان کے انضمام الحق، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ(دونوں اننگز میں سنچری) اور جنوبی افریقا کے گریم استھ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کی سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست

ہاشم آملا نے نہ صرف اپنے 100 ویں ٹیسٹ کو یادگار بنایا بلکہ اپنی ٹیم کو مہمان سری لنکا کے خلاف مستحکم آغاز بھی فراہم کیا۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنالیے تھے جبکہ ہاشم آملا 125 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

ان کی شاندار سنچری میں جے پی ڈومینی نے بھی بھرپور ساتھ دیا اور وہ 155 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو سری لنکا کے خلاف دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، جنوبی افریقہ نے پہلا ٹیسٹ میچ 206 اور دوسرا 282 رنز سے جیتا تھا۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں