ڈان نے اپنے اردو قارئین کیلئے ہر تاریخ کورونما ہونے والے اہم واقعات(خصوصاً) کی فہرست پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں 13جنوری کو پیش آنے والے چند اہم واقعات پیش خدمت ہے۔

13 جنوری 1930: ٹیسٹ کرکٹ کا واحد دن جب ایک ملک کی ٹیم دو مختلف مقامات پر دو مختلف ٹیموں کے خلاف ٹیسٹ کھیل رہی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم اس دن نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے آخری دن میدان میں اتری تھی جبکہ اسی وقت ویسٹ انڈیز میں بھی انگلینڈ کی ٹیم اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے میدان میں موجود تھی۔

اصل میں ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ دونوں کو نیا نیا ٹیسٹ اسٹیٹس ملا تھا اور اسی وجہ سے کرکٹ کے معاملات چلانے والے ایم سی سی نے فیصلہ کیا کہ کرکٹ کے پھیلاؤ کے لئے دونوں ممالک کے ٹور رکھے جائیں۔ شیڈول ٹائٹ تھا اور اس وجہ سے ایک ہی ٹائم میں دونوں ممالک کے لئے دو علیحدہ ٹیمیں بھیجی گئیں۔

تاریخ میں دوبارہ کبھی ایسا موقع نہیں آسکا کہ ایک ہی دن ایک ملک کی ٹیم دو ممالک کے خلاف میدان میں اتری ہوں۔

13 جولائی 1982: پاکستان کے سب سے کامیاب وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا یوم پیدائش ہے۔ 2004 کے موہالی ٹیسٹ میں شاندار سنچری سے شہرت پانے والے کامران اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے جب انہوں نے بھارت کے خلاف 2006 کے کراچی ٹیسٹ میں 39 رنز پر چھ وکٹیں گنوانے والی پاکستانی ٹیم کو اپنی سنچری کی بدولت محفوظ مقام تک پہنچایا اور جس کی بدولت پاکستانی ٹیم نے 341 رنز سے میچ جیتا۔ یہ وہی ٹیسٹ میچ تھا جس میں عرفان پٹھان نے پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

کامران اکمل
کامران اکمل

اسی سیریز میں اپنی سالگرہ کے دن ہی کامران اکمل نے انڈیا کے خلاف 82 گیندوں پر ٹیسٹ سنچری اسکور کی تھی۔ یہ اس وقت کسی بھی وکٹ کیپر کی سب سے تیز ترین ٹیسٹ سنچری تھی۔ دسمبر 2006 میں ہی یہ ریکارڈ گلکرسٹ نے 57 گیندوں پر سنچری بنا کر توڑ دیا تھا تاہم پاکستان کی طرف سے یہ اب بھی ریکارڈ ہے۔

پاکستان کی طرف سے بطور وکٹ کیپر سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ 6 سنچریاں بھی ان کے نام ہیں۔ سڈنی ٹیسٹ میں کمزور کیپنگ اور بعد میں ورلڈکپ 2011 کے میچ میں راس ٹیلر کا کیچ چھوڑنے کی وجہ سے ان کی ٹیم سے چھٹی ہو گئی۔

13 جنوری 1911: ساؤتھ افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی ٹیسٹ فتح حاصل کی تھی۔ ساوتھ افریقہ کی ساؤتھ افریقہ سے باہر یہ پہلی فتح بھی تھی۔

13 جنوری 1971: لیجنڈری انگلش فاسٹ باؤلر باب ولس نے پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی تھی۔ وہ انگلینڈ کی طرف سے 300 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے باؤلر تھے۔ باب ولس اور بریٹ لی دو ایسے باولرز ہیں جنہوں نے 300 وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن کبھی بھی ایک میچ میں 10 وکٹوں کا کارنامہ انجام نہ دے سکے.

13 جنوری 1978: آسٹریلیا نے پہلی دفعہ ویمنز ورلڈ کپ جیتا تھا۔ یہ مجموعی طور پر دوسرا ویمنز ورلڈ کپ تھا۔ اس میں انڈیا، انگلینڈ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں شامل تھیں تب فائنل نہیں کھیلا جاتا تھا بلکہ لیگ میچز میں حاصل کردہ پوائنٹس کی بنیاد پر ہی فاتح کا اعلان کیا جاتا تھا۔ آسٹریلیا اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا تھا جبکہ میزبان انڈیا کوئی میچ نہیں جیت سکا تھا۔ پہلا ٹورنامنٹ 1973 میں انگلینڈ کے نام رہا تھا۔

13 جنوری 1983: مشہور اداکار عمران خان کی آج سالگرہ ہے۔ وہ بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کے بھانجے ہیں اور انہوں نے اپنا کیرئیر 5 سال کی عمر میں مشہور فلم 'قیامت سے قیامت تک' سے شروع کیا تھا۔ وہ 2009 میں "بیسٹ میل ڈیبیو" کا فلم فیئر ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 2011 میں مشہور فیشن میگزین جی کیو کی طرف سے سالانہ ایوارڈ 'جی کیو مین آف دی ایئر ایوارڈ' بھی جیت چکے ہیں۔

بالی وڈ اداکار عمران خان
بالی وڈ اداکار عمران خان

13 جنوری1948: جودھپور کے آخری مہاراجہ گج سنگھ کا یوم پیدائش ہے۔ 1971 میں انڈین آئین میں ترمیم کے ذریعے ان کی بادشاہت ختم کردی گئی تھی۔ وہ ہندوستان کے ہائی کمشنر اور پارلیمنٹ کے رکن بھی بن چکے ہیں۔

13 جنوری 1999: باسکٹ بال لیجنڈ مائیکل جارڈن نے کھیل سے ریٹائرمنٹ اختیار کرلی تھی۔ یہ ان کی دوسری ریٹائرمنٹ تھی۔ 2000 میں انہیں اپنا یہ فیصلہ بھی واپس لینا پڑا تھا۔ وہ 1984 اور 1992 میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی امریکن ٹیم کا حصہ تھے۔

13 جنوری 2014: کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا بال ڈی ایوارڈ 2013 جیتا تھا۔

13 جنوری 1976: کولمبیا کی طرف سے 102 انٹرنیشنل میچز کھیلنے وال مائیکل ییپس پیدا ہوئے۔ 2001 میں کولمبیا کی طرف سے پہلا کوپا امریکا کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔ 2014 میں ارجنٹائن کے کلب سان لورینزو کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے فیفا کلب ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ان کی ٹیم ریال میڈرڈ سے ہار گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں