امریکی ایوارڈ پاکستانی آرٹسٹ کے نام

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2017
عمران قریشی
عمران قریشی

پاکستانی آرٹسٹ عمران قریشی کو امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے 2017 کے لیے ’میڈل آف آرٹس‘ ایوارڈز سے نوازا گیا۔

عمران قریشی وہ واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

عمران قریشی کو یہ ایوارڈ محکمہ خارجہ کے تاریخی بینجمن فرینکلن روم میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا، جس کی میزبانی امریکی محکمہ خارجہ کے نائب سیکریٹری اینٹونی بلِنکِن کر رہے تھے۔

اس سال یہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں نِک کیو، جینی ہوزر، وولف کاہن اور راشیل وائٹ ریڈ بھی شامل ہیں۔

میڈل آف آرٹس ایوارڈ ان آرٹسٹوں کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے اپنے فن اور بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کے ذریعے ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دیا ہو۔

عمران قریشی گزشتہ 20 سال سے بین الاقوامی سطح پر اپنے خوبصورت فن پاروں کی نمائش کر رہے ہیں۔

ان کی پینٹنگز میں ناصرف ان کے آبائی شہر لاہور اور پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تشدد کے پہلو کا احاطہ کیا جاتا ہے۔

ایوارڈ سے نوازے جانے کے بعد عمران قریشی کا کہنا تھا کہ ’مجھے فخر ہے کہ میرے ملک اور آرٹ کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ مغرب کے لوگوں کو پاکستان سے متعلق صرف وہ پتہ چلتا ہے کہ جو ان کا میڈیا انہیں ہمارے بارے میں بتا رہا ہو، جو اکثر یکطرفہ بات ہوتی ہے، پاکستان کا دوسرا اور خوبصورت پہلو بھی ہے جسے دنیا بھر میں آرٹ کی شکل میں پیش کیا جارہا ہے اور مجھے اس ایوارڈ سے نوازا جانا اس بات کا ثبوت ہے۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں