'ظالما دیکھ کر شرما گئی'

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2017
ماہرہ خان فلم 'رئیس' کے ساتھ بولی وڈ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں—۔فائل فوٹو
ماہرہ خان فلم 'رئیس' کے ساتھ بولی وڈ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں—۔فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بہت جلد اپنی فلم 'رئیس' کے ساتھ بولی وڈ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، انہیں حال ہی میں ریلیز ہونے والے فلم کے گانے 'ظالما' پر خوب سراہا گیا۔

فلم 'رئیس' کا ریلیز ہونے والا دوسرا گانا 'ظالما' ماہرہ خان کا شاہ رخ خان کے ساتھ پہلا گانا تھا، جس میں دونوں کی کیمسٹری کو بھی بے حد پسند کیا گیا، ویڈیو میں ماہرہ خان بھی بہت خوبصورت نظر آئیں۔

جہاں دنیا بھر میں ماہرہ خان کے مداحوں نے ان کی زبردست اداکاری پر انہیں خوب داد دی، وہیں ماہرہ خان کے مطابق انہیں اپنے گانے کو دیکھ کر کافی شرم آئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مداح نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ انہیں 'ظالما' گانے کو دیکھ کر کیسا محسوس ہوا، جس پر اداکارہ نے کہا 'ظالما گانے کو دیکھ کر شرما گئی'۔

راہول ڈھولکیا کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کے گانے کو ہندوستانی گلوکار ارجیت سنگھ اور ہرشدیپ کور نے گایا ہے۔

ماہرہ خان نے اپنی فلم کے تجربے کو شاندار کہتے ہوئے راہول ڈھولیکا کا بھی شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ 'راہول ڈھولیکا نے میری ہر قدم پر مدد کی'۔

واضح رہے کہ فلم 'رئیس' میں شامل ماہرہ اور شاہ رخ کا ایک اور گانا ' اُڑی اُڑی جائے' بھی حال ہی میں ریلیز ہوا۔

'رئیس' میں شاہ رخ گجراتی گینگسٹر، ماہرہ ان کی اہلیہ اور نوازالدین صدیقی پولیس اہلکار کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

فلم رواں سال 25 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں