نئی دہلی: بھارتی پرچم کے رنگوں پر مشتمل ڈورمیٹس کا تنازع دور ہونے کی دیر تھی کہ آن لائن خرید و فروخت کی مشہور ویب سائٹ 'ایمازون' پر فروخت کے لیے موجود چپلوں نے بھارت کو دوبارہ مشتعل ہونے پر مجبور کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کی مطابق ایمازون کی ویب سائٹ پر ایسی چپلیں فروخت کے لیے موجود ہیں جن پر بھارت کو آزادی دلانے والے مشہور رہنما مہاتما گاندھی کی شبیہہ بنی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ بدھ (11 جنوری) کو بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے ایمازون کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ ویب سائٹ بھارتی جھنڈے سے مماثلت رکھنے والے ڈورمیٹ کے اشتہار پر فی الفور 'غیر مشروط معافی' مانگے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستانی وزیر خارجہ کی 'ایمازون' کو دھمکی

بھارتی وزیر خارجہ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس 'توہین آمیز' پراڈکٹ کا اشتہار ویب سائٹ سے ہٹایا جائے، جس کے بعد ایمازون کینیڈا کی جانب سے اس اشتہار کو ویب سائٹ سے ہٹادیا گیا تھا۔

تاہم یہ تنازع ابھی پوری طرح ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ ٹوئٹر صارفین اور بھارتی میڈیا کی جانب سے ایمازون امریکا کی ویب سائٹ پر ایسی چپلوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی جن پر مہاتما گاندھی کی تصویر بنی ہوئی تھی۔

میانک پرمار نامی ٹوئٹر صارف نے بھارت میں ایمازون پر فی الفور پابندی کا مطالبہ کیا اور اس چپل کی موجودگی کو مضحکہ خیز قرار دیا.

اشوک تنور نامی صارف کا کہنا تھا کہ ایمازون کو ہمارے رہنماؤں کا احترام کرنا چاہیئے اور تنازعات سے گریز کرنا چاہیئے.

واضح رہے کہ 16.99 امریکی ڈالر کی قیمت میں دستیاب ان چپلوں کے متعلق ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یہ پراڈکٹ بہترین دکھائی دے گی اور لوگوں کے لیے مسکراہٹ کا سبب بنے گی.

بھارتی صارفین کی جانب سے آن لائن احتجاج کے بعد ایمازون کا تو اس حوالے سے کوئی جواب سامنے نہ آسکا تاہم چپلوں کا اشتہار کچھ دیر بعد ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں