میکسیکو کے ایک نائٹ کلب کے باہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ میکسیکو کے پلایا ڈیل کارمین ریزورٹ پر بی پی ایم الیکٹرانک میوزک فیسٹول کی اختتامی تقریب کے دوران پیش آیا۔

قبل ازیں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ میکسیکو کے دو نائٹ کلبس میں الیکٹرانک میوزک فیسٹول کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

اب بی پی ایم فیسٹول کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پلایا ڈیل کارمین کے علاقے میں بلیو پیرٹ نائٹ کلب میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے'۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'بی پی ایم سیکیورٹی ٹیم کے تین ارکان بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں اور فائرنگ کا واقعہ کلب کے باہر پیش آیا'۔

قبل ازیں بلیو پیرٹ کلب میں موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے فائرنگ کی آوازیں سنیں اور کم سے کم 5 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

اس حوالے سے میکسیکن حکام کی جانب سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی تھی۔

واضح رہے کہ یہ فیسٹول گزشتہ 10 برس سے منایا جارہا ہے اور امریکا اور برطانیہ سے آنے والے سیاحوں میں خاصہ مقبول ہے۔

بی پی ایم فیسٹول 10 روز تک جاری رہتا ہے اور اس میں 375 موسیقار ، ڈی جیز اور فنکار حصہ لیتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک وڈیو گردش کررہی ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ بلیو پیرٹ کلب کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ چیختے ہوئے کلب سے باہر بھاگ رہے ہیں۔

بی پی ایم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 'ہم فیسٹول کے دوران شرکاء کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں'۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ترکی کے اہم ترین شہر استنبول میں سال نو کی تقریبات کے موقع پر ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص نے گھس کر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے، حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔


تبصرے (0) بند ہیں