امرالقیس کا متبادل وکٹ کیپر کے طور پر ریکارڈ

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2017
امرالقیس نے متبادل وکٹ کیپر کے طورپر5 کیچز تھامے—فوٹو: اے ایف پی
امرالقیس نے متبادل وکٹ کیپر کے طورپر5 کیچز تھامے—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امرالقیس نے زخمی مشفق الرحیم کے متبادل کے طور پر وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے 5 کیچز تھام کر ایک نیاریکارڈ قائم کردیا ہے۔

مشفق الرحیم نے پہلی اننگز میں شکیب الحسن کے ساتھ مل کر بیٹنگ میں کئی ریکارڈز قائم کیے تھے تاہم تیسرے روز سیدھے ہاتھ کے انگوٹھے اور انگلی پر گیند لگنے سے وکٹ کیپنگ نہیں کرپائے تھے۔

اوپنر امرالقیس کو ان کی جگہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری دی گئی جس کو انھوں نے بخونی نبھاتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا جبکہ بنگلہ دیش کے لیے ایک اننگز میں 5 کیچز تھامنے کا یہ تیسرا موقع تھا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مشفق الرحیم کو ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں دومرتبہ 5 کیچز تھامنے کا اعزاز حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: مشفق سر پر گیند لگنے سے زمین پر ڈھیر

واضح رہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں آج تک ایسا موقع نہیں آیا کہ ایک متبادل وکٹ کیپرنے 5 کیچز تھامے ہوں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپرز دنیش چندی مل اورکوسل مینڈس نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مشترکہ طورپر 7 کیچز تھام کر پاکستان کے وسیم باری اور ماجدخان کا منفرد ریکارڈ برابر کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دو وکٹ کیپر7 کیچ، پاکستان کا ریکارڈ برابر

ایک اننگز میں وکٹ کیپر کے طورپر سب سے زیادہ سات کھلاڑیوں کوآؤٹ کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے وسیم باری کے پاس ہے جنھوں نے 1977 میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

بنگلہ دیشی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کے آخری روز ہیلمنٹ پر گیند لگنے سے شدید چوٹ آئی تھی جس کے باعث انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے میچ کے چوتھے روز اتفاق سے امرالقیس کے سرپر گیند لگی تھی جس کے باعث انھیں بھی میدان سے باہر لے جایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کی بنگلہ دیش کے خلاف ڈرامائی فتح

امرالقیس نے دوسرے ہی روز اپنے کپتان کو سرپر گیند لگنے کے بعد ان کے متبادل کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

بنگلہ دیش کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 595 رنز بنا کر ڈیکلیئر کرنے کے باوجود 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے (0) بند ہیں