ہندوستان کے مشہور فلم فیئر ایوارڈز تمام بولی وڈ شخصیات کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں، اس کی وجہ صرف ایوارڈز ہی نہیں بلکہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنا بہترین اسٹائل دنیا کے سامنے پیش کرنا بھی ہے۔

اداکاراؤں کے لیے ریڈ کارپٹ پر بہترین انداز میں جلوہ گر ہونا بے حد ضروری ہے، اس مرتبہ بہت سی اداکارائیں گزشتہ برس کے ایوارڈز کے مقابلے میں کافی بہتر جبکہ کچھ بالکل سابقہ اسٹائل میں نظر آئیں۔

یہاں آپ کے لیے اداکاراؤں کی ایک فہرست ترتیب دی گئی ہے، اب فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ کس اداکارہ نے اپنا اسٹائل گزشتہ سال سے بہتر بنایا اور کس کی کوشش کچھ زیادہ کامیاب نہیں رہی۔

سونم کپور

ویسے تو سونم کپور کو بولی وڈ کی فیشن آئیکون مانا جاتا ہے، جو اپنے شاندار ملبوسات اور خوبصورت انداز سے دل جیتنے میں کامیاب ہوتی ہیں، تاہم گزشتہ سال انہوں نے فلم فیئر ایوارڈ کے ریڈ کارپٹ پر فینز کو کچھ بہت زیادہ متاثر نہیں کیا تھا۔

اس سال سونم کپور ڈیزائنر ایلی ساب کے گاؤن میں نہایت خوبصورت نظر آئیں، ان کے لباس کے علاوہ میک اپ اور ہیئر اسٹائل بھی بہت اچھا تھا۔

پرینیتی چوپڑا

کوئی بھی ایسا لباس جس میں بو (bow) شامل کردی جائے، وہ شاید ہی کسی پر اچھا لگے گا۔

پرینیتی چوپڑا نے گزشتہ برس اپنے سیاہ رنگ کے لباس سے سب کو متاثر کیا تھا، تاہم اس سال ان کا یہ گلابی گاؤن ان کے اسٹائل کو بہتر دکھانے میں ناکام رہا۔

عالیہ بھٹ

گرشتہ سال فلم فیئر ایوارڈز میں عالیہ بھٹ نے سفید اور نارنجی رنگ کے لباس میں شرکت کی تھی لیکن اس لباس نے کسی کو کچھ خاص متاثر نہیں کیا بلکہ عالیہ کے میک اپ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

تاہم عالیہ بھٹ نے ایک سال میں ہی اپنے بولی وڈ کیریئر کے ساتھ ساتھ اپنے فیشن کو بھی کافی بہتر بنادیا ہے، اداکارہ نے اس بار اپنی شاندار پرفارمنس کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

اس سال انہوں نے ڈیزائنر پرابل گورنگ کا لباس پہنا، اس دوران ان کا میک اپ بھی نہایت خوبصورت انداز میں کیا گیا تھا۔

جیکولین فرنینڈز

اداکارہ جیکولین فرنینڈز نے گزشتہ سال ڈیزائنر حسین بزازا کا سیاہ رنگ کا لباس پہنا تھا جو مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا تھا اور اس سال بھی انہوں نے شائقین کو متاثر کرنے کے لیے کچھ خاص محنت نہیں کی۔

اس سال انہوں نے ڈیزائنر علی یونس کا ڈیزائن کردہ لباس پہنا، لیکن ان کا لباس کسی ایوارڈ تقریب سے زیادہ کسی شادی کی تقریب میں بہتر لگتا۔

تاہم اس سال کے فلم فیئر ایوارڈ میں جیکولین فرنینڈز کا میک اپ کافی بہتر نظر آیا تھا۔

کریتی سنن

کریتی سنن اس وقت بولی وڈ میں اپنا مقام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ایسے وقت میں فیشن میں غلطی کرنا ان کے کیریئر پر بھاری پڑ سکتا ہے۔

تاہم وہ اس بار بھی ریڈ کارپٹ پر لوگوں کو بہت زیادہ متاثر نہیں کرپائیں، اداکارہ نے پچھلے سال سے کے مقابلے میں بہتر لباس کا انتخاب کیا، تاہم ان سے مزید بہتری کی امید کی جاسکتی ہے۔

صوفی چوہدری

صوفی چوہدری کے لباس کو دیکھ کر اس بات کا ندازہ ہوا کہ انہوں نے اس سال بھی گزشتہ سال جیسا ہی لباس پہنا۔

رنگوں کے ساتھ ساتھ ان کے گاؤن کا اسٹائل بھی بالکل پچھلے سال کے فلم فیئر ایوارڈز جیسا تھا۔

صوفی چوہدری زیادہ تر ایسی ڈریسنگ کرتی ہیں جیسے وہ 80 کی دہائی کی کسی پارٹی میں جارہی ہوں، تاہم امید ہے کہ وہ اپنے اگلے ریڈ کارپٹ پر کچھ بہتر پہنے ہوئے نظر آئیں گی۔

اس سال کے فلم فیئر ایوارڈز میں کئی نامور اداکارائیں موجود نہیں تھیں، جن میں دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا وغیرہ شامل ہیں اور ایوارڈ تقریب میں موجود زیادہ تر اداکارائیں متاثر کرنے میں ناکام ہی رہیں، امید ہے اگلے سال کچھ بہتر اسٹائل دیکھنے کو ملے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں