بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا سنگِ بنیاد

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2017
گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدرپری مل نتھوانی اسٹیڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدرپری مل نتھوانی اسٹیڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا ہندوستان کے شہر احمدآباد میں سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ دس ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔

احمد آباد میں اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی
احمد آباد میں اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی

کولکتہ کا ایڈن گارڈنز دنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم تصور کیا جاتا تھا لیکن ازسر نوتعمیر کے بعد اس میں تماشائیوں کی گنجائش کم ہو گئی ہے اور دنیا کے سب بڑے اسٹیڈیم کا اعزاز اس وقت آسٹریلیا کے تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کو حاصل ہے جس میں ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

تاہم ہندوستانی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں نئے اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے حکام نے دعویٰ کیا کہ نئے اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 10ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر پری مل نتھوانی کے مطابق تمام تر جدید و عالمی سہولیات سے آراستہ یہ منصوبہ 7ارب ہندوستانی روہے میں مکمل ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسٹیڈیم میں 76 کارپوریٹ باکس، تین پریکٹس گراؤنڈ، ایک ان-ڈور کرکٹ اکیڈمی، چار ڈریسنگ روم، ایک کلب ہاؤس اور ایک اولمپک سائز کا سوئمنگ پول ہو گا اور اسے آئندہ دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اسے حال میں مسمار کیے جانے والے گجرات کےسردار پٹیل اسٹیڈیم کی جگہ پر بنایا جائے گا جس میں 50ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

اسٹیڈیم کے ڈیزائن کی مجوزہ تصاویر اور نقشہ— فوٹو: اے ایف پی
اسٹیڈیم کے ڈیزائن کی مجوزہ تصاویر اور نقشہ— فوٹو: اے ایف پی

ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک ہندوستان میں بین الاقوامی معیار کے ایک درجن سے زائد اسٹیڈیم موجود ہیں جو انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کر سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں