کرکٹ کا رونالڈو کون؟

اپ ڈیٹ 18 جنوری 2017
ویرات کوہلی اب تک ایک روزہ میچوں میں 27سنچریاں بنا چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی اب تک ایک روزہ میچوں میں 27سنچریاں بنا چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ہندوستان کے کپتان ویرات کوہلی اپنے کیریئر کی شاندار فارم سے گزر رہے ہیں۔ ٹی20، ٹیسٹ کرکٹ ہو یا ون ڈے، وہ ہر طرز کی کرکٹ میں خود کو عمدگی سے ڈھال کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے چلے جا رہے ہیں۔

گزشتہ سیریز میں ڈبل سنچری سمیت ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کوہلی کو حال ہی میں اس وقت ایک روزہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا جب سابق قائد مہندرا سنگھ دھونی نے قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ میں قیادت سنبھالی اور ایک روزہ کیریئر کی 27ویں سنچری کرنے کے علاوہ فتح کے ساتھ اس میچ کو یادگار بنایا۔

اس شاندار کارکردگی پر دنیا بھر کے ماہرین کرکٹ کوہلی کو سراہتے ہوئے ان کے گن گا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

انہی میں سے ایک انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین ہیں جنہوں نے کوہلی کو کرکٹ کا رونالڈو قرار دیا ہے۔

انہوں نے کوہلی کا عالمی شہرت یافتہ پرتگالی اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان ہر چیز کی حد کو وسیع کرتے ہوئے کارکردگی کے نئے معیار ترتیب دے رہے ہیں جیسا کہ فٹ بال میں رونالڈو نے نت نئے معیار اور رجحان متعارف کرائے، بالکل یہی کام کوہلی کرکٹ میں کر رہے ہیں۔

ناصر حسین کے جانشین مائیکل وان نے کوہلی کی تعریف میں مزید ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ پر ریکارڈ توڑنے والے ہندوستان کے کپتان کسی اور ہی سیارے سے تعلق رکھتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں