مصباح الحق، ہانگ کانگ بلٹز کی ٹیم کے کپتان مقرر

17 جنوری 2017
مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا پہلا ٹورنامنٹ جیتا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا پہلا ٹورنامنٹ جیتا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی بلٹز کی ٹیم ہانگ کانگ آئس لینڈ یونائیٹڈ(ایچ کے آئی) سے معاہدہ کرلیا جہاں وہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

خبررساں دارے پی پی آئی کی رپورٹ کے مطابق لیونین گلوبل اسپورٹس کی مالک اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی سربراہ آمنہ نقوی نے مصباح الحق کی ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کا اعلان کیا۔

مصباح الحق اگلے ماہ ہونے والے ایونٹ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے جس کے اختتام کے فوری بعد وہ ایچ کے آئی کی قیادت کرنے ہانگ کانگ پہنچ جائیں گے۔

ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی بلٹز میں پانچ ٹیمیں شامل ہیں جس کے دوسرے سیزن کا آغاز 8 مارچ کو ہوگا اور 12 مارچ تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ 2016 کے سیزن میں آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے شرکت کی تھی۔

دوسری جانب ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی، سری لنکا کے کمارسنگاکارا اور ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی بھی معاہدوں پر دستخط کرچکے ہیں۔

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور ایچ کے آئی یونائیٹڈ کے کوچ ریان کیمبل نے معاہدوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'کرکٹ کی دنیا کے مصباح جیسے کھلاڑی کی شرکت سے واضح ہورہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کتنا وسیع ہورہا ہے اور ہمارے ارادے کتنے مضبوط ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ وہ ایک پیدائشی کپتان ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایچ کے آئی یونائیٹڈ کو مزید قریب لانے کا موجب ہوں گے۔

انھوں نے مصباح سے وابستہ امیدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو کامیابیاں انھوں نے پاکستان کی ٹیم اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے حاصل کی ہیں مجھے یقین ہے کہ وہ ایچ کے آئی یونائیٹڈ کے لیے وہی کارکردگی دہرائیں گے جس کی وہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

کرکٹ ہانگ کانگ کے سربراہ ٹم کوٹلر نے کہا کہ 'یہ اعلان کہ مصباح الحق، بلٹز کے لیے کھیلیں گے ایک ایسا بیان ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مختصر وقت میں یہ ٹورنامنٹ کہاں پہنچ چکا ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں