دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں:عماد وسیم

17 جنوری 2017
عماد وسیم نے گزشتہ دونوں میچوں میں 2،2 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
عماد وسیم نے گزشتہ دونوں میچوں میں 2،2 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم کا آسٹریلیا کے خلاف مزید کامیابیوں کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہماری ٹیم کی ترتیب اچھی ہے اسی لیے دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں۔

پرتھ میں ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن کرکٹ گراؤنڈ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ ہم سیریز برابر ہونے پر خوش ہیں، ہم نے اچھا کھیلا اور باؤلرز نے اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے پاس بہترین فاسٹ باؤلرز ہیں جبکہ ہماری طاقت بھی فاسٹ باؤلنگ ہے لیکن مجھ سمیت حفیظ اور شعیب ملک نے اچھی باؤلنگ کی ہے۔

مزید پڑھیں: میلبرن میں پاکستان کی 6وکٹ سے فتح، سیریز برابر

آسٹریلیا کی ٹیم سیریز کے تیسرے میچ میں نوجوان آل راؤنڈر مچل مارش اور فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک کو میدان میں نہیں اتارے گی۔

خیال رہے کہ مچل مارش انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ اسٹارک کو ہندوستان کے خلاف سیریز کے پیش نظر آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

عماد کا کہنا تھا کہ مارش بہترین آل راؤنڈر ہیں اور اسٹارک ایک ورلڈ کلاس باؤلر ہیں جن کی عدم موجودگی سے ہمیں فائدہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مچل مارش، پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی باؤلنگ میں کوشش کرتا ہوں کہ بلے باز غلطی کرے جس سے فائدہ ہوتا ہے'۔

سیریز کے اگلے میچ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جو کچھ ماضی میں ہوا وہ ماضی کا حصہ ہوتا ہے، نیا دن نیا میچ اہم ہوتا ہے جہاں ہرکوئی اپنے منصوبے کے مطابق میدان میں اترتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 'میراخیال ہے ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں کیونکہ ٹیم کی ترتیب بہت اچھی ہے، ہاں کنڈیشن بھی اہمیت رکھتی ہے لیکن اگر آپ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے منصوبوں پر عمل کرتے ہیں تو آپ ہمیشہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں'۔

'ہمیشہ اچھا اور برا دن ہوتا ہے اسی لیے آپ کو جتنا ہوسکے اپنے اچھے کھیل کو جاری رکھنا ہوتا ہے نئے دن اور نئے میچ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے'۔

پاکستانی آل راؤنڈر نے کہا کہ ہماری ٹیم کی جو پوزیشن ہے وہ درجہ بندی کا حصہ ہے حالانکہ ہماری ٹیم اس سے اچھی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی 12 سال بعد آسٹریلیا میں فتح

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'یہ بہت اچھی بات ہے کہ مکی آرتھر وکٹ کے بارے میں جانتے تھے انھوں نے ہمیں مشورے دیے اور بتایا کہ کہاں پر گیند کرنا ہے اور کہاں نہیں کرنا ہے'۔

پاکستان ٹیم کے کپتان اظہرعلی پہلے میچ میں انجری کے بعد دوسرے میچ میں کھیل نہیں پائے تھے اور ان کی جگہ تجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ نے قیادت کی ذمہ داری نبھائی تھی جبکہ تیسرے میچ میں بھی ٹیم کے کپتان حفیظ ہوں گے۔

عماد وسیم نے اظہرعلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ 'وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں اور جاگنگ کررہے ہیں لیکن وہ اگلا میچ نہیں کھیل رہے اور امید ہے کہ اس کےبعد کھیلیں گے'۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 19 جنوری کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں